فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد میں مشروب ساز کمپنی کے ٹرک کو پیش آنے والے حادثے کے بعد خواتین اور بچوں سمیت عوام کی بڑی تعداد 15 لاکھ روپے مالیت کی بوتلیں لوٹ کر لے گئی۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد میں چک نمبر 203 رب چھوٹا مانوالا کے قریب مشروب سازکمپنی کے ڈلیوری ٹرک کو ون وے کی خلاف ورزی کے باعث حادثہ پیش آیا، خوف کے باعث ڈرائیور بوتلوں سے بھرا ٹرک چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ ڈرائیور کے فرار ہونے کے بعد علاقہ مکینوں نے خواتین اور بچوں سمیت عوام کی بڑی تعداد بوتلوں سے بھرے ٹرک کو عوام نے 5 منٹ میں پوری گاڑی خالی کر دی۔ گاڑی میں لوڈ مشروب کی قیمت تقریباً 15 لاکھ روپے تھی۔ حادثے کا شکار ہونے والے ٹرک کے قریب کھڑے ایک شخص نے عوام کے بوتلیں لوٹنے کے مناظر اپنے موبائل میں عکسبند کر لیے اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ سی پی او فیصل آباد کامران عادل کی ہدایت پر تھانہ ملت ٹاؤن پولیس نے کارروائی کی۔ چوری کرنے والے ملزموں ارشد ولد رمضان اور کاشف ولد انور مسیح کو گرفتار کر لیا، جبکہ مزدا ڈرائیور غلام شبیر ولد عابد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزموں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔ پولیس ٹیم بوتلیں چوری کرنے والے باقی ملزمان کی تلاش بھی کر رہی ہے۔
فیصل آباد: مشروب ساز کمپنی کے ٹرک کو حادثہ، شہر یوں نے 15 لاکھ کی بوتلیں لوٹ لیں
Jun 20, 2024