ملتان (آئی این پی)چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی نے جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو حکومتی اتحاد کے لئے فیملی جیسا قرار دیدیا۔چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ مولانا فضل الرحمان پی ٹی آئی کے ساتھ اجنبی نظر آئیں گے، فضل الرحمان جب یہاں آتے ہیں، فیملی ممبر لگتے ہیں، مولانا فضل الرحمان کو ملتان کا سمجھتے ہیں وہ ہمارے دوست ہیں۔یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ن لیگ سے تحفظات صرف یہ ہیں کہ تحریری معاہدے پر عمل کیا جائے اور بلاول بھٹو بھی حکومت سازی کے وقت کئے گئے تحریری معاہدے پر عمل درآمد چاہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بجٹ میں مہنگائی سے متعلق عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، کوشش ہے بجٹ میں ضرورت مندوں کو ریلیف دیا جائے، انہوں نے مخیرحضرات سے مفلس لوگوں کا خیال رکھنے کی اپیل بھی کی۔