اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آزاد کشمیر کے ضلع نیلم میں زیر تعمیر جاگراں۔ 2 ہائیڈرو پاور پلانٹ کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران انہیں 50 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کی تعمیر کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ جاگراں ۔2 ہائیڈرو پاور پلانٹ پر کام منصوبہ کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے اور اس کی تعمیر 2025ء میں مکمل ہو جائے گی۔ منصوبے کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم نے وعدہ کیا کہ وہ اس معاملے کو ایکنک میں اٹھائیں گے تاکہ جلد کارروائی کے ذریعے منظوریوں کو تیز کیا جا سکے۔ نائب وزیر اعظم نے جاگراں۔ 2 ہائیڈرو پاور پلانٹ پر کام کرنے والے چینی انجینئرز اور پاکستانی ٹیم سے بھی ملاقات کی۔ شہباز شریف اور حکومت کی جانب سے منصوبے میں کام کرنے والے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور بروقت تکمیل کے لیے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔