شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو معاشی دلدل سے نکا لیں گے ،رانا ثناء   

 فیصل آباد(این این آئی)وفاقی وزیر بین الصوبائی  رابطہ ومشیروزیراعظم پاکستان رانا ثنااللہ خاں نے کہا ہے کہ 2017-18 میں ہونے والی سازش کی وجہ سے پاکستان کوجو ناقابل تلافی نقصان ہوااس کے ازالہ کیلئے کچھ وقت درکار ہوگا۔عید الاضحی کی نماز کی ادائیگی کے بعدپبلک سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر اہل پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے اور اللہ سے دعاگو ہیں کہ اس مبارک موقع پر اللہ پاکستان پر اپناخصوصی فضل و کرم فرمائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت پاکستان کو معاشی دلدل سے نکالنے میں لگی ہوئی ہے لیکن 2017-18 میں ہونے والی سازش کی وجہ سے پاکستان کوجو ناقابل تلافی نقصان ہوااس کے ازالہ کیلئے کچھ وقت درکار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال بڑی محنت اور جدوجہد کے ساتھ آئی ایم ایف کے ساتھ وہ معاہدے کئے گئے ہیں جس سے عام آدمی کی زندگی زیادہ متاثر نہ ہو،امید ہے کہ رواں سال کے مالی بجٹ سے ملک معاشی بحران سے باہر نکل آئے گااورآئندہ سال انہی دنوں میں جب ہم نیا بجٹ لارہے ہونگے تو یہ پریشانیاں بھی حل ہوچکی ہونگی اورمعاشی استحکام بھی آئے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مریم نوازشریف کی قیادت میں امن و مان کی صورتحال میں بہتر ی لا رہی ہے اورعام آدمی کی روزمرہ کی ضروریات پر دھیان دیا جارہا ہے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ آٹے، روٹی سمیت دیگر بنیادی اشیا کی قیمتیں کم کی جارہی ہیں اورگندم و آٹے کی قیمت میں تو واضح بہتری آئی ہے۔اسی طرح پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی کم کی گئی ہیں جس سے صورتحال میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف عید کے بعد پارٹی کی تنظیمی سرگرمیاں شروع کریں گے اور میاں نواز شریف کی قیادت میں پارٹی کیلئے تنظیمی اقدامات کئے جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن