عید پر بھی اسرائیلی حملے نہ رکے، مزید 17 فلسطینی شہید

Jun 20, 2024

غزہ(آئی این پی) عید الاضحی کے تیسرے روز اسرائیلی فوج نے نصیرات میں قائم پناہ گزین کیمپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں مزید 17فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ صحت کا نظام تباہ ہونے سے 3500بچوں کی زندگی پر بن آئی ہے۔ادھر وزارت صحت نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بربریت کی وجہ سے ہیلتھ کیئر کا 70 فیصد سسٹم تباہ ہوچکا ہے جبکہ متعدد ڈاکٹرز کو بمباری میں شہید کردیا گیا ہے۔غزہ میں اب صرف چند فیلڈ اسپتالوں میں صرف بنیادی سروسز فراہم کی جارہی ہیں جبکہ اب شہر میں کسی اسپتال کا نام و نشان نہیں بچا۔ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں 7 جون تک اسرائیلی فوج نے 476 اسپتالوں پر حملے کیے جن میں 727 شہری جاں بحق جبکہ 933 زخمی ہوئے ہیں۔غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کی جانب سے جاری تہلکہ خیز بیان میں بتایا گیا ہے کہ طبی سہولیات، خوراک اور ویکسین کی عدم فراہمی کے باعث 3500 بچوں کی زندگی خطرے میں ہے اور وہ موت کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔دوسری جانب  اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں جاری رہنے والی جنگ پر اختلافات کی وجہ سے 6رکنی جنگی کابینہ تحلیل کردی۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں غزہ میں جنگ جاری رکھنے پر اختلافات کے بعد اسرائیل کی جنگی کابینہ کے 2 وزرا مستعفی ہوگئے تھے۔وزرا کے مستعفی ہونے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر دبائو ڈالا گیا تھا کہ وہ جنگی کابینہ میں نئے ارکان کو شامل کریں تاہم نیتن یاہو نے جنگی کابینہ توڑ دی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ نتین یاہو نے گزشتہ روز 6 رکنی جنگی کابینہ تحلیل کرنے کا اعلان کیا، اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ  بینی جینٹس کے مستعفی ہونے کے بعد ہمیں جنگی کابینہ کی ضرورت نہیں رہی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق اسرائیلی سفارتکار الون نے کہا ہے کہ جنگی کابینہ کے تحلیل ہونے کے فیصلے کی وجہ سے غزہ اور لبنان میں اسرائیلی حملے بڑھنے کا امکان ہے۔لبنان کی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کی اہم حساس تنصیبات کی ڈورن ویڈیو جاری کر دی۔ ویڈیو میں اسرائیلی شہر حیفہ کی بندرگاہ اور ائر پورٹ پر دکھایا گیا ہے۔ نیول بیس اور دفاعی نظام آئرن ڈوم فیکٹری کے مناظر بھی قلمند کئے۔ اسرائیلی وزیر خارجہ نے حزب اللہ کو بھرپور جنگ کی دھمکی دیتے کہا اسے تباہ کر دیں گے، لبنان کو سخت چوٹ لگے گی۔سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے 1967ء  کی سرحدوں پر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں جنگ کو فوری طور پر روکا اور غزہ کی پٹی میں فلسطینی بھائیوں کے خلاف گھناؤنے جرائم کا سلسلہ بند کیا جائے ۔

مزیدخبریں