اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جانے والے ایک لاکھ 60 ہزار عازمین نے فریضے کی تکمیل کردی اور آج سے وطن واپسی کا عمل شروع ہوجائے گا۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پہلی پرواز حجاج کرام کو لے کر پاکستان پہنچے گی۔ پی آئی اے کی 171 پروازوں کے ذریعے 35 ہزار سے زائد حجاج کرام کو وطن واپس لایا جائے گا۔ بعد از حج آپریشن کے تحت پی آئی اے کی خصوصی فلائٹس کے ذریعے جدہ اور مدینہ سے حجاج کرام کو کر اچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، سیالکوٹ، پشاور، سکھر اور کوئٹہ لایا جائے گا۔ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 21جولائی تک جاری رہے گا جبکہ ایک لاکھ 25 ہزار حجاج کرام کی واپسی ملکی اور غیر ملکی نجی ایئرلائنز کے ذریعے ہوگی۔