صدر  کی والدین کی قبروں پر حاضری   وزیراعلیٰ مراد شاہ کی ملاقات  

اسلام آباد؍ نواب شاہ (نمائندہ خصوصی+ این این آئی) صدر آصف علی زرداری نے عید کی نماز زرداری ہاؤس نواب شاہ  میں ادا کی۔ صدر مملکت نے ملکی ترقی، خوشحالی اور امن و امان کیلئے دعا کی۔ صدر آصف علی زرداری عید نماز کے بعد لوگوں سے ملے، عید کی مبارکباد دی۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزراء  ضیاء  الحسن لنجار اور علی حسن زرداری سمیت شہریوں نے نماز عید میں شرکت کی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نواب شاہ میں اپنے آبائی قبرستان بالوجا قبا گئے اور اپنے والدین کی قبروں پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنی والدہ بیگم بلقیس سلطانہ اور والد حاکم علی زرداری کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔ فریال تالپور بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ آصف علی زرداری نے  لنڈی کوتل پریس کلب کے صدر خلیل جبران کے قتل کی شدید مذمت  کی ہے۔ صدر مملکت نے  خلیل جبران کے قتل پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار  کیا اور کہا کہ خلیل جبران کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنا ہوگی۔ پاکستان میں صحافیوں کے تحفظ کیلئے اقدامات لینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت  نے خلیل جبران کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت، صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر سے مراد شاہ ملے، عید مبارک کہا، سندھ کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں صدر زرداری آج گوادر کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق صدر دورے کے دوران امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

ای پیپر دی نیشن