لاہور؍گجرات؍ شیخوپورہ (این این آئی+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے جاتی امراء رائے ونڈ میں، خواجہ آصف نے سیالکوٹ، پرویز الٰہی نے گجرات میں عید منائی۔ حسین نواز، حسن نواز اور دیگر عزیز و اقارب نے بھی نواز شریف کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔ نماز عید کے بعد عوام کی خوشحالی و ملک وقوم کی ترقی و سلامتی ، فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف عزیز و اقارب اور کارکنوں سے عید ملے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ کینٹ میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد وزیر دفاع خواجہ محمد آصف عوام سے عید ملے اور عوام میں گھل مل گئے۔ عوام کی بڑی تعداد نے وزیر دفاع کو عید کی مبارک دی۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نماز عید الاضحیٰ آبائی حلقہ پی پی 32 کے گائوں جھنڈیوال کی مسجد میں بیٹے راسخ الٰہی اور پارٹی کارکنوں کے ہمراہ ادا کی۔ بعد ازاں انہوں نے ظہور پیلس اور کنجاہڑی ہائوس میں پارٹی کارکنوں، ساتھیوں سے عید ملی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت و (ق) لیگی رہنما چوہدری شافع حسین نے نماز عید جامع مسجد عیدگاہ میں سابق صوبائی وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، سابق ضلع ناظم چوہدری شفاعت حسین، ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر ورک، ڈی پی او مستنصر باجوہ کے ہمراہ اد اکیا۔ بعدازاں انہوں نے چوہدری ظہور الٰہی شہید کے قبر پر حاضری دی۔ پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کر نے کے بعد ظہور پیلس میں (ق) لیگی رہنمائوں شہریوں، سیاسی، سماجی رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں۔ تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے اپنے آبائی شہر شیخوپورہ میں عید منائی اور نماز عید ادا کی۔ بعد ازاں انہوں نے قربانی کی سنت بھی ادا کی اور غرباء مسکینوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ماڈل ٹائون لاہور میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی، نماز کے بعد ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔ نماز عید کا خطبہ سننے کے بعد وزیراعظم وہاں پر موجود لوگوں سے ملے اور عید کی مبارکباد پیش کی۔
نواز شریف نے جاتی امراء،وزیراعظم نے ماڈل ٹائون ‘ خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں عید منائی
Jun 20, 2024