آرٹیفشل انٹیلیجنس کا استعمال صوبے میں امن وامان کی بحال میں معاون اور مددگار ثابت ہوگا:وزیراعلیٰ سندھ

Jun 20, 2024 | 16:25

 وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آرٹیفشل انٹیلیجنس جرائم کے نئے چیلنجزسے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال صوبے میں امن وامان کی بحال میں معاون اور مددگار ثابت ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایس فور پروجیکٹ اورپولیس ہیلتھ کارڈ کا افتتاح کردیا، کراچی سمیت سندھ بھر میں 40ٹول پلازہ پر نصب کیمرے سی پی او کراچی کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منسلک ہوگئے۔وزیراعلی سندھ نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ آج کی اس تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت میرے لیے باعث فخر ہے، میں اس نظام کی کامیابی پر پوری سندھ پولیس کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سندھ اسمارٹ سرویلینس سسٹم (ایس فور)جدید اور ماڈرن تکنیکس کا ایک مجموعہ ہے اور سندھ حکومت نے ایس فور پروجیکٹ کے لیے تقریبا 1.5ارب روپے مختص کیے ہیں۔وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ امن و امان کا قیام پاکستان پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح ہے، امید ہے کہ اس نظام کو جرائم کے خلاف ایک موثر آلہ کے طور پر استعمال کرکے اسے مزید مربوط اور موثر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ ٹیکنالوجی کا استعمال بلاول بھٹو زرداری کے وژن کی عکاسی کرتا ہے، ٹیکنالوجی کو اپنانا اور اس کا زیادہ سے زیادہ استعمال وقت کی ضرورت ہے، آرٹیفشل انٹیلیجنس جرائم کے نئے چیلنجزسے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال صوبے میں امن وامان کی بحال میں معاون اور مددگار ثابت ہوگا، اس سسٹم کی ڈیزائننگ اور تنصیب میں نیشنل ریڈیو ٹرانسمیشن کارپوریشن کا کلیدی کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نظام کی بدولت پولیس کی مجموعی کارکردگی بڑھے گی اور عوام کا اعتماد بحال ہوگا، یہ ناصرف کرائم کنٹرول بلکہ جرائم کی دنیا سے وابستہ افراد،گروہوں اور ان کے کارندوں کو ارتکاب جرم سے قبل روکنے میں بھی مددگار اور معاون ثابت ہوگا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اس سسٹم میں کیمروں کی لائیو فیڈ ایک سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں موجود سرور کے ذریعہ جائزہ لے گی،جو چوری شدہ گاڑیوں اور کرمنل ریکارڈ رکھنے والے افراد کا ڈیٹا فوری طور شناخت کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے تمام 40ٹول پلازہ پر نصب کیمرے چہرے کی شناخت اور آٹومیٹڈ نمبر پلیٹ کی جانچ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں