امیگرنٹس امریکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں:نینسی پلوسی

Mar 20, 2009 | 11:29

سفیر یاؤ جنگ
واشنگٹن (ندیم منظور سلہری سے) امریکی کانگریس کی سپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ امیگرنٹس امریکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور ہم کوشش کررہے ہیں کہ امیگریشن پالیسی میں اصلاحات کے ذریعے محنت کش غیرقانونی امیگرنٹس کو سہولتیں فراہم کریں تاکہ وہ آزادی کے ساتھ اپنی فیملیز کے ساتھ یہاں رہ سکیں اور امریکی سسٹم کا حصہ بن کر ٹیکس کی ادائیگیاں کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سان فرانسسکو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ میں اس بات کی سخت مذمت کرتی ہوں کہ خفیہ ایجنسیاں یا امیگریشن چھاپہ مار ٹیمیں لوگوں کے گھروں میں گھس کر لوگوں کو گرفتار کرتی ہیں اور وہ چادر اور چاردیواری کی دھجیاں بکھیرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتے کہ امیگریشن حکام لوگوں کو ناجائز تنگ کریں اور لوگوں کے گھروں میں چھاپے ماریں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کا بخوبی احساس ہے کہ ہر شخص چاہتا ہے کہ امیگریشن پالیسی میں تبدیلی کرنی چاہئے اور ایسا نہیں ہونا چاہئے کہ رات کو لوگوں کے دروازے توڑ کر خوف و ہراس پھیلایا جائے اور فیملیز کو جدا کیا جائے۔ اب یہ طریقہ ختم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ طریقہ امریکی روایات کے خلاف ہے اور ہم اسکی حمایت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ میری سوچ یہ ہے کہ امیگرنٹس نے ہی امریکہ کے مستقبل کی ذمہ داریاں سنبھالنا ہیں لہٰذا ہمیں امریکہ میں موجود غیرقانونی امیگرنٹس کو اس ملک کے سسٹم کا حصہ بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہونگیں۔
مزیدخبریں