نوائے وقت گروپ کےایڈیٹرانچیف مجید نظامی کی بطورایڈیٹر صحافتی خدمات کے پچاس سال مکمل ہونے پر ملک بھر کی اہم شخصیات کی جانب سے مبارکباد اور تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے

Mar 20, 2012 | 21:08

سفیر یاؤ جنگ
آزاد کشمیرکےوزیراطلاعات سید بازیل علی نقوی نے مجید نظامی کی ادارت کے پچاس سال مکمل ہونے پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ انہوں نے پانچ دہائیوں سے بغیر کسی تعصب کے پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی۔مجید نظامی نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کے ساتھ اپنی انمٹ محبت کو نوائے وقت کے ذریعے لوگوں تک پہنچایا۔ روزنامہ نوائے وقت ، دی نیشن اور وقت نیوز مجید نظامی کی جانب سے مقرر کردہ صحافت کے سنہری اصولوں پر رواں دواں ہے۔ پاکستان کے مسلمانوں کی آواز بلند کرنے اور ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے بھی مجید نظامی اور انکے اداروں کا کردار ناقابل فراموش اور غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔دوسری جانب چیئرمین پریس کونسل آف پاکستان راجہ شفقت عباسی نے بھی ادارت کے پچاس سال مکمل کرنے پر مجید نظامی کو مبارکباد دی ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مجید نظامی کے زیر سایہ نوائے وقت گروپ نے آزادی صحافت اور شفاف صحافت کی ترویج میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنے پچاس سالہ دور صحافت میں ملک و قوم کی ترقی کیلئے مجید نظامی کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔
مزیدخبریں