لاہور (خصوصی رپورٹ) ملک کے مختلف مکاتب فکر کے ممتاز علمائے کرام کا کہنا ہے نو مسلموں کو مرتد کرنے کی کوشش کرنے والے انجام سوچ لیں۔ جو لوگ محض اپنے سیاسی مفاد کی خاطر نو مسلم خواتین ڈاکٹر حفصہ اور فریال بی بی کو مرتد بنانے کیلئے ہندوﺅں کے دست و بازو بنے ہوئے ہیں ان کی یہ حرکت قابل تعزیر ہے۔ امت کی رپورٹ کے مطابق مولانا عبدالرحمن مکی نے کہا کسی کو بھی یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ان دونوں کو راہ ہدایت سے ہٹانے کی کوشش کرے۔ اسلام قبول کرنے والوں کے ٹرائل کا کسی کو حق حاصل نہیں۔ ڈاکٹر ابوالخیر زبیر نے کہا امت کو چاہئے وہ اپنی نومسلم بہنوں کی پشت پناہی کیلئے میدان میں آ جائے۔ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا ہائیکورٹ میں واضح بیان کے بعد دونوں خواتین کا ٹرائل مذاق ہے۔ حافظ حسین احمد نے کہا یہ رویہ قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا اپنی مرضی سے مسلمان ہونے والی بچیوں کے مسئلہ کو اچھالنا آئین و قانون سے کھیلنے کے مترادف ہے۔