کراچی (سٹاف رپورٹر)کراچی شپ یارڈ تیار کی جانے والی دو ٹگز باقاعدہ طور پر پاک بحریہ کے حوالے کر دی گئیں۔ اس سلسلے کی ایک تقریب کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی جس میں وائس چیف آف نیول سٹا ف وائس ایڈمرل محمد شفیق نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ پاکستان نیوی فلیٹ میں ان ٹگز کا اضافہ خود انحصار ی کی جانب اہم سنگ میل ہے۔ پاک بحریہ نے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئر نگ ورکس کے ساتھ 15000ٹن گنجائش کا ایک فلیٹ ٹینکر کی تیاری کے معاہدے پر بھی دستخط کئے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ خود انحصاری ہماری اولین ترجیح رہی ہے اور اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے پاک بحریہ مقامی دفاعی صنعت بالخصوص کراچی شپ یارڈ سے بھر پور تعاون کررہی ہے تاکہ خو د انحصاری کی منزل جلد حاصل کی جاسکے ۔کراچی شپ یارڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ نے ہماری توقعات کے مطابق کام کیا ہے اور پاک بحریہ کے لئے نئے جہازوں کی تیاری اور مرمت کے حوالے سے بہت مثبت کردار ادا کیا ہے۔ قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کراچی شپ یارڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر رئیر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ نے کراچی شپ یارڈ کی کارکردگی کا مختصر جائزہ پیش کیا اور پاکستان نیوی کے لئے زیرتکمیل منصوبوں پر روشنی ڈالی۔