امریکی ریاست نیواڈا کے اسلحہ ڈپو میں دھماکہ‘ 8 فوجی ہلاک‘ 8 زخمی

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ اے ایف پی+ رائٹرز+ اے پی پی) امریکہ کی مغربی ریاست نیواڈا میں فوجی تربیت کے دوران بارود کے ذخیرہ میں دھماکہ سے 8 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل نیل مرپی نے بتایا منگل کو مغربی نیواڈا کے ہاﺅ تھارن ملٹری گودام میں میرین فوجی تربیت میں مصروف تھے کہ اچانک بارود کے ذخیرہ میں دھماکے شروع ہوگئے جس سے 8 فوجی بھی زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا تین زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ باﺅ تھارن فوجی گودام ایک لاکھ 47 ہزار ایکڑ رقبہ پر پھیلا ہوا ہے جہاں پر متروک شدہ فوجی سازوسامان کو ذخیرہ رکھا جاتا ہے۔ فوجی ترجمان نے ہلاکت خیز واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب آرمی ڈپو میں تربیتی مشقیں کی جارہی تھیں کہ ایک زور دار دھماکہ ہوا۔ انہوں نے کہا ہلاک اور زخمی ہونے والوں کا تعلق سیکنڈ میرین ڈویژن سے تھا ۔ فوجی ترجمان نے کہا فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا دھماکہ کس وجہ سے ہوا تاہم تحقیقات کی جارہی ہیں۔ ادھر ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے دھماکے سے فوجی ڈپو کی عمارت کو بھی ب±ری طرح نقصان پہنچا اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے ۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے حکام اس بات کی تحقیقات کررہے ہیں واقعہ کی اصل وجوہات کیا تھیں ۔ ادھر امریکی فوج کے کمانڈر میجر جنرل ریمنڈ سی فوکس نے کہا ہے ہمیں ان جانی نقصان پر سخت افسوس ہے اور اس واقعہ میں مارے جانے والے فوجیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا تاہم انہوں نے اس واقعہ کی مزید تفصیلات نہیں بتائیں ۔ ان کاکہنا تھا ابھی اس بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ آرمی ڈپو میں اسلحہ کے علاوہ فوجی تنصیبات موجود ہیں۔ زخمیوں کو منتقل کرنے کے لئے امریکی فوج ہیلی کاپٹرز ہاﺅتھرون آرمی ڈپو پہنچ گئے۔ امریکی فوج کے مطابق یہ واقعہ منگل کو صبح مقامی وقت کے مطابق دس بجے پیش آیا۔ امریکی ٹی وی چینل سی این این نے ایک سرکاری اہلکار کے حوالے سے بتایا ایک ساٹھ ملی میٹر خول پھٹ گیا تھا۔ فوجی ترجمان کینڈرا موٹز کے مطابق یہ دھماکہ ہیتھرون آرمی ڈپو میں فوجی مشق کے دوران ہوا۔ اسلحہ ڈپو پر موجود امریکی عہدیدار نے بتایا وہاں موجود اسلحے کا فوجی مشقوں سے کوئی تعلق نہیں تھا، یہ دھماکہ حادثاتی طور پر رونما ہوا۔ یاد رہے ہاﺅتھ رون آرمی ڈپو ایک وسیع رقبے پر پھیلا ہوا ہے جس میں سینکڑوں کی تعداد میں عمارتیں موجود ہیں جہاں اسلحہ و دیگر جنگی سازو سامان موجود ہے۔

ای پیپر دی نیشن