بیجنگ (اے پی پی + اے پی اے) بھارت کے ساتھ تعلقات میں سدھار لانے کا پانچ نکاتی فارمولے کی نقاب کشائی کرتے ہوئے چین کے نومنتخب صدر ژی جن پنگ نے کہا کہ دونوں ملکوںکے درمیان سرحدی تنازعہ کا حل کوئی آسان بات نہیں ہے اور اس معاملہ کے طے پائے جانے تک تعلقات متاثر کئے بغیر سرحد پر امن و سکون برقرار رکھا جانا چاہئے۔ وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ سے ملاقات کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرحدی تنازعہ ایک بڑا پیچیدہ مسئلہ ہے اور یہ مسئلہ چٹکی بجاتے حل نہیں ہو سکتا تاہم ہم دوستانہ مشاورت جاری رکھیں گے تو ایک روز ضرور ایک قابل قبول اور مناسب حل نکل آئے گا۔ ادھر چین کے دورے پر آئے امریکی وزیر خزانہ جیک لا سے ملاقات میں انہوں نے کہا چین اور امریکہ کے کئی مشترکہ مفادات ہیں، کچھ اختلافات کو نظرانداز بھی نہیں کر سکتے۔