لاہور (کلچرل رپورٹر) پاکستان میں جاپانی سفارتخانے، الحمرا آرٹس کونسل اور پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن لاہور کے زیراہتمام منعقد ہونیوالی سات روزہ ایکے بانہ ورکشاپ کے اختتام پر الحمرا آرٹ گیلری میں گذشتہ روز ورکشاپ کے شرکاءمیں سرٹیفکیٹ دینے کی تقریب ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی الحمرا آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر محمدعلی بلوچ تھے۔ ورکشاپ میں پروفیسر آصفہ اتاکا نے شرکاءکو پھولوں کے جاپانی طرز آرائش کے فن ایکے بانہ کے بارے میں عملی تربیت دی۔ پروفیسر آصفہ اتاکا نے اکیبانہ کی باقاعدہ تربیت جاپان کے معروف اکینوبو سکول سے حاصل کی ہے۔ یاد رہے کہ الحمرا آرٹ گیلری میں 13 مارچ سے 19 مارچ تک منعقد ہونیوالی اس اکیبانہ ورکشاپ میں لاہور اور اس کے گردونواح سے تعلق رکھنے والی خواتین نے حصہ لیا اور جاپانی فن اکیبانہ سے متعلق شناسائی حاصل کی۔ پاکستان میں جاپانی سفارتخانے کے قونصلر اور شعبہ تعلقات عامہ کے انچارج توشی کازوا سومورا نے ایکے بانہ ورکشاپ کے کامیاب اختتام پر شرکاءمیں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ پھولوں کے جاپانی فن کو پاکستانی عوام بالخصوص خواتین بہت پسند کرتی ہیں اور یہ فن سیکھنے والوں کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی محمدعلی بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے لوگوں میں بہت ٹیلنٹ ہے اور پاکستانی خواتین کی اکیبانہ فن میں دلچسپی بہت اچھی بات ہے۔ اس فن کو پاکستان میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔