گیارہ مئی کے جنرل الیکشن کے فوری بعد واضح اکثریت ملنے اور مسند اقتدار سنبھالنے سے قبل ہی قائدین مسلم لیگ (ن) ڈاکٹر میاں محمد نواز شریف اور خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے گزشتہ چودہ سالوں کا کچرا صاف کرنے اور ملک پر بیتنے والے کربناک حالات کے ازالے کیلئے ٹھان لی تھی۔ حلف اٹھاتے ہی ڈاکٹر میاں محمد نواز شریف نے اعلان کر دیا کہ عوام ہمارے سو دنوں کی کارکردگی پر نظر رکھیں انہیں ہمارے آئندہ لائحہ عمل بارے آگاہی خود بخود حاصل ہو جائیگی۔ حکومت کو قائم ہوئے نو ماہ ہو چکے ہیں۔ بجلی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے۔ ہر طرف ترقیاتی کاموں کا جال بچھا نظر آ رہا ہے بالخصوص پنجاب میں خادم اعلیٰ کی جفاکشی، عوام سے مخلصانہ اور متحرک پن، متانت و سنجیدگی اور کام میں مستعدی میاں محمد شہباز شریف کا وصف قرار دیا جا چکا ہے۔ خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو دور جدید کا شیر شاہ سوری کہنا مبالغہ آرائی نہیں بلکہ سو فیصد حقیقت پر مبنی دلائل ہیں۔ راقم بڑے طمطراق سے لکھ رہا ہے کہ اپنے تو اپنے غیر بھی اپنی انتظامیہ کو اسی سرعت سے ترقیاتی کام مکمل کرنے کی نصیحتیں کر رہے ہیں۔ مثال کے طور پر میٹرو بس منصوبہ جس برق رفتاری سے پایہ تکمیل کو پہنچا ہے اس پر ناصرف ترک انجینئرز عش عش کر اٹھے بلکہ مخالفین بھی انگشت بدنداں ہیں کہ میاں محمد شہباز شریف نے اتنا طویل منصوبہ قلیل وقت میں مکمل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ مخالفین کی ان جھوٹی تاویلوں کے برعکس میٹرو بس منصوبے نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ کے دکھا دئیے ہیںاور اس کی ہردلعزیزی کا یہ عالم ہے کہ اس وقت ایک لاکھ ستر ہزار مسافر روزانہ اس منصوبے سے استفادہ کرتے ہیں۔ یہ خادم اعلیٰ کی دور اندیشی ہی تھی کہ انہوں نے لاہور شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کا انفراسٹرکچر تبدیل کرکے شعبہ ٹرانسپورٹ میں جدت پیدا کر دی ہے اس سلسلے میں دوسرے بڑے شہروں میں میٹرو بس منصوبے کے کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ فیروزپور روڈ، ملتان روڈ، شاہراہ قائداعظم، سرکلر روڈ پر دو منزلہ سڑکوں کی تعمیر اور ایکسپریس وے کی فزیبلٹی رپورٹس پر کام ہو رہا ہے اسی طرح 2 ارب ڈالر کی لاگت سے ٹھوکر نیاز بیگ سے مناواں تک ٹرین چلانے کے منصوبے پر بھی کام ہو رہا ہے۔ یہ میاں شہباز شریف اور ڈاکٹر نواز شریف کی شب و روز محنت کا ثمر ہی ہے کہ ہمارا عظیم اور آزمودہ مہربان دوست چین وطن ارض پاک میں 32 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے تیار ہو چکا ہے مزید براں پاکستان ریلوے کی تعمیر نو میں چار ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی حامی بھی بھر چکا ہے۔ یہ ڈاکٹر محمد نواز شریف اور خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی کاوشیں ہی ہیں کہ گزشتہ دنوں چین نے یہاں 22 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے 16 منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ قبل ازیں کراچی میں 2 ایٹمی بجلی گھر تعمیر کرنے کا اعلان بھی ہو چکا ہے۔ اس میں کوئی شک و شبہ ہے ہی نہیں کہ موجودہ حکومت کو دوسرے متعدد بحرانوں کی طرح توانائی کا بحران بھی ورثے میں ملا تھا یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم ڈاکٹر محمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے اپنا پہلا دورہ چین ہی کیا تھا جہاں انہوں نے چین سے توانائی کے منصوبوں پر بات کی تھی۔ پاکستان میں ایشیا کا پاور ہاﺅس بننے کی صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بنک نے حال ہی میں رپورٹ جاری کی کہ پاکستان توانائی بحران کے باعث سالانہ 46 ارب روپے کا نقصان کر رہا ہے گزشتہ 5 برسوں میں ہمارا 2 کھرب 30 ارب روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خادم اعلیٰ پنجاب نے صوبے میں شمسی توانائی، ہائیڈل پاور، ونڈ انرجی اور کوئلے سے چلنے والے منصوبوں پر اپنی توجہ مبذول کر رکھی ہے۔ نندی پور پاور پراجیکٹ پر جتنی تیزی سے کام مکمل ہو رہا ہے ۔ راقم کھلے عام اعلان کرتا ہے کہ انرجی بحران میں کمی اور چینی سرمایہ کاری کے حوالے سے معاہدوں میں خادم اعلیٰ میاں شہباز شریف قدم قدم پر جذبہ حب الوطنی اور احساس عوام کے تحت اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھاتے نظر آ رہے ہیں۔ وطن عزیز بالخصوص صوبہ پنجاب میں خادم اعلیٰ میاں شہباز شریف کی صورت میں ایک ایسی سیاسی سحر انگیز شخصیت موجود ہے جس نے شفافیت کا ایک بے مثال معیار قائم کرکے صوبے کو ایک رول ماڈل کا درجہ دے دیا ہے۔ خادم اعلیٰ میاں شہباز شریف صوبے کی مادی ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کی صحت کے متعلق منصوبوں کی داغ بیل ڈالنے سے بھی غافل نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آئندہ سوا چار سالوں میں صوبے میں رہنے والے ہر شخص کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہو گا جس کیلئے جگہ جگہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے جا رہے ہیں۔ متعدد شہروں میں نئے میڈیکل کالجز و یونیورسٹیاں قائم ہو چکی ہیں۔ ضلعی ہیڈ کوارٹر کی سطح پر کارڈیالوجی ہسپتالوں کے قیام کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے۔ ینگ ڈاکٹرز کے مسائل کا ملکی تاریخ میں پہلی بار احاطہ کیا گیا ہے۔ بچوں سے جبری مشقت کے خلاف قانون سازی، چائلڈ میرج ایکٹ، جہیز ایکٹ، شادی ہال ایکٹ، ون ڈش ایکٹ الغرض عوامی فلاح و بہبود کیلئے قانون سازی کے سلسلے میں خادم اعلیٰ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ پنجاب یوتھ سپورٹس فیسٹیول کی کامیابی بھی میاں شہباز شریف کی شب و روز کی محنت، اوصاف حمیدہ اور سرپرستی کا ثمر ہے۔ اس وقت صوبہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کی نوجوان قیادت میاں حمزہ شہباز اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے باعث نوجوانوں کے دلوں کی دھڑکن بن چکے ہیں۔راقم دست بہ دعا ہے کہ قادر مطلق وہ دن جلد لائے جب ملک کو ان گھمبیر مسائل سے چھٹکارا ملے جن کے باعث قائدین مسلم لیگ ن نبرد آزما ہیں۔