راولپنڈی (آن لائن+ آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے افغانستان میں اتحادی فوج کے کمانڈر جنرل جان کیمبل کی ملاقات میں پاک افغان سرحد پر سکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق افغانستان میں تعینات اتحادی افواج کے کمانڈر جنرل جان کیمبل پاکستان کے دورے پرجمعرات کو اسلام آباد پہنچے۔ جی ایچ کیومیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل سے برطانوی چیف آف جنرل سٹاف سرنکولس کارٹر نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سرنکولس کارٹر نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور یادگار شہداء پر پھول چڑھائے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی چیف آف جنرل سٹاف سرنکولس کارٹر کو جی ایچ کیو پہنچنے پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا جس کے بعد انہیں پاک فوج کی آپریشنل امور پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف راحیل شریف سے ایساف کمانڈر جان کیمبل، برطانوی چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقاتیں، افغان سرحد ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
Mar 20, 2015