آج مصباح ٹیم مینجمنٹ کا امتحان ہے : ظفر الطاف، صلاح الدین صلو

لاہور (نمائندہ سپورٹس) سابق چیئرمین پی سی بی ڈاکٹر ظفر الطاف نے کہا ہے کہ آج قومی کرکٹ ٹیم سمیت کوچنگ سٹاف کا بھی امتحان ہے۔ حالیہ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کو مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کے باوجود کوارٹرفائنل میں پہنچ چکی ہے۔ ناک آؤٹ مرحلہ میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔ آج مصباح الحق کی اصل صلاحیتوں کا امتحان ہے۔ کیا وہ کھلاڑیوں میں وہ جذبہ پیدا کر پائیں گے جو اپنی سو فیصد کارکردگی دکھانے پر مجبور کر دے۔ وہ خود تو رنز بنا رہے ہیں مگر یہ ناکافی ہے۔ اب مقابلہ مختلف نوعیت کا ہے۔ ہر میچ پریشر گیم ہے اور وہی ٹیم جیتے گی جو جیت کے جذبے سے کھیلے گی۔ مصباح الحق اور ٹیم مینجمنٹ کو امتحان سے سرخرو ہونے کیلئے ضروری ہے کھلاڑیوں کو ان کے قدرتی سٹائل اور ردھم کے مطابق کھیلنے کیلئے حوصلہ افزائی کریں۔ ان کی سوچ اور نفسیات کو سمجھ کر ساتھ لیکر چلیں۔ تباہی کامیابی پاکستان کا مقدر بنے گی۔ سابق چیف سلیکٹر اور ٹیسٹ کرکٹر صلاح الدین صلو نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری بدقسمتی اور آسٹریلیا کی خوش قسمتی ہے کہ محمد عرفان آج نہیں کھیل رہے۔ سعید اجمل، جنید خان، محمد حفیظ کی غیر موجودگی میں قومی ٹیم کوارٹرفائنل میں پہنچی ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کاغذوں میں بڑی مضبوط اور تجربہ کار نظر آتی ہے مگر وہاں کی پچز وہ نہیں جو پہلے ہوا کرتی تھیں۔ پاکستانی بیٹنگ کو سرفراز نے سرفراز کیا ہے۔ احمد شہزاد غلط شارٹ پر آؤٹ ہوتے ہیں، عمر اکمل کی جتنی بھی تعریف کی جائے، کم ہے۔ ہماری بیٹنگ تجربے اور نوجوانوں کا حسین امتزاج ہے۔ ٹیم ہم آہنگ ہو گئی ہے۔ آسٹریلیا کو ہوم ایڈوانٹج حاصل ہے مگر قومی ٹیم کسی بھی ٹیم کو شکست سے دوچار کر سکتی ہے۔ کامیابی کیلئے کھلاڑی محنت کریں۔ قوم کو بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔

ای پیپر دی نیشن