اسلام آباد ویمنز ہاکی ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن کا چہیتی ٹیم کو ماننے سے انکار

Mar 20, 2016

لاہور(نمائندہ سپورٹس )قائد اعظم گیمز میں شرکت کرنیوالی اسلام آباد سپورٹس بورڈ کی وویمن ہاکی ٹیم کی سلیکشن اور آفیشلز کی تقرری کا معاملہ شدت اختیار کر لیا ، سابق رکن قومی اسمبلی اور اسلام آباد وویمنز ہاکی ایسو سی ایشن کی چیئرپرسن تسنیم صدیقی نے چہیتوں کو ٹیم میں شامل کرنے کیلئے اسلام آباد سپورٹس بورڈ کی تشکیل کردہ ٹیم تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ۔ آئندہ ماہ اسلام آباد میں منعقد ہونیوالی قائد اعظم گیمز میں شرکت کیلئے اسلام آباد سپورٹس بورڈ نے دیگر کھیلوں کی طرح اسلام آباد وویمن ہاکی ٹیم کے چنائو کیلئے اسلام آباد وویمنز ہاکی ایسو سی ایشن کی مشاورت سے اوپن ٹرائلز لئے جس کے بعد کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ناموں کو حتمی شکل دی گئی تاہم اسلام آباد وویمنز ہاکی ایسو سی ایشن کی چیئرپرسن تسنیم صدیقی اب ٹیم میں کئی نام تبدیل کرانے پر بضد ہیں جس سے اسلام آباد وویمن ہاکی ٹیم کی تشکیل کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے ۔ اس ضمن میں اسلام آباد سپورٹس بورڈ کے سیکرٹری اصغر نیاز ی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سپورٹس بورڈ نے ہاکی ایسو سی ایشن کی مشاورت سے ٹیم اور آفیشلز کے ناموں کو حتمی شکل دی تھی تاہم اب اسلام آباد وویمن ہاکی ایسو سی ایشن نام تبدیل کرنے کیلئے دبائو ڈال رہی ہے جس پر انہیں واضح کر دیا گیا کہ اگر دو روز میں معاملہ کو افہام و تفہیم سے حل نہ کرایا گیا تو اسلام آباد سپورٹس بورڈ تمام عمل کی خود ہی نگرانی کرتے ہوئے دوبارہ ٹرائلز لے گا اور میرٹ پر ہی ٹیم کا چنائو عمل میں لایا جائیگا ۔

مزیدخبریں