اوکاڑہ: 5 لاکھ روپے تاوان نہ ملنے پر نوجوان قتل، نعش نہر میں بہا دی

Mar 20, 2016

اوکاڑہ (نامہ نگار) پانچ لاکھ روپے تاوان کی رقم نہ ملنے پر اغواء کاروں نے نوجوان کو قتل کرکے نعش نہر میں بہا دی۔ لواحقین نے تھانہ صدر اوکاڑہ میں نعش کی شناخت کر لی۔ چند روز قبل نواحی چک نمبر53 ٹو ایل اوکاڑہ کے زاہد حسین ولد عبداللہ کھوکھرکے شادی شدہ بیٹے محمد ندیم کو نامعلوم افراد نے اغواء کرلیا تھا جس کا پولیس تھانہ صدر اوکاڑہ نے مقدمہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی اس دوران محمد ندیم کے ہی موبائل نمبر سے اس کے والد زاہد حسین سے پانچ لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیاگیا غریب لواحقین پانچ لاکھ روپے کی رقم جمع نہ کراسکے محمد ندیم کی نعش تھانہ چوچک کے علاقہ موپالکے کی نہر سے برآمد ہوگئی۔ مقتول کے والد زاہد حسین نے مقامی صحافیوں کو بتایا ندیم موٹرسائیکل رکشہ چلاتا تھا جسے نامعلوم ملزموں نے اغواء کر لیا اور بعد ازاں اس کی رہائی کے لئے پانچ لاکھ روپے تاوان کی رقم مانگی گئی۔

مزیدخبریں