دریاخان :کوچ نے رکشہ موٹرسائیکل کچل دیا 3 بچوں خاتون سمیت 7 افراد جان بحق

Mar 20, 2017

دریاخان+ بھکر+ کلورکوٹ+ ساہیوال+ جہلم دینہ+ جھنگ (نامہ نگاران) دریاخان میں تیز رفتار کوچ نے رکشہ اور موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا‘ 3 بچوں اور خاتون سمیت 7 افراد جاں بحق 9 زخمی ہو گئے جبکہ ساہیوال‘ دینہ اور جھنگ میں حادثات کے دوران 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ واقعات کے مطابق بھکر سے اٹک جانیوالی کوچ کلورکوٹ روڈ پر انگرا اڈا پر پہنچی تو لنک روڈ سے آنے والے موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی اور چار بچے گاڑی کی زد میں آگئے، موٹر سائیکل سواروں کو بچانے کی ناکام کوشش میں مسافر بس سامنے سے آنے والے رکشہ سے جا ٹکرائی، حادثہ کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار خان محمد اسکی زوجہ شمیم بی بی، بیٹے ذیشان، بیٹی کومل، لیلیٰ، روشن سمیت زخمی ہوگیا، جن میں سے ذیشان اور لیلیٰ بعد ازاں موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ رکشہ میں سوار رکشہ ڈرائیور غلام علی بلوچ ، رانا محمد زبیر ، بشریٰ دختر رانا محمد زبیر، ساکنائے کوٹلہ جام، اعجاز حسین‘ فرزانہ بی بی زوجہ اعجاز حسین سکنہ بستی بلوچ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ سارہ زوجہ زبیر، مریم دختر اعجاز، خان محمد، شمیم زوجہ خان محمد،کومل دختر خان محمد،میراں مائی ،روشن ، ہاجراںزوجہ غلام فرید، فاطمہ زوجہ عبدالغفار زخمی ہوگئے جنہیں تحصیل ہسپتال دریا خان لایا گیا ،جہاں سے تشویشناک حالت میں زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال بھکر ریفر کردیا گیا، جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے ورثا اور شہریوں کی بھاری تعداد جائے حادثہ اور ہسپتال میں جمع ہو گئی جس کی وجہ سے ہسپتال کے عملہ کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا، دوسری طرف مشتعل شہریوں نے بس کے شیشے توڑ ڈالے اور بس کو آگ لگانے کی کوشش کی جسے ایلیٹ فورس اور پولیس کے موقع پر پہنچنے والے جوانوں نے ناکام بنا دیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے دریا خان کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاںبحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور حادثہ میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ساہیوال کے علاقہ نور شاہ گوگیرہ روڈ پر رتڑی کے قریب تیز رفتار کیری ڈبہ الٹ جانے کے نتیجہ میں ایک ہی خاندان کے 2افراد ولائت بی بی اور اسکی بہو زرتاش جاں بحق‘ بیٹا ذوالقرنین اور دو بچے ایاز 8سالہ اور سفیان 3سالہ شدید زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ گیمبر قادرآباد روڈ پر چک 4-55آر کے قریب دو موٹر سائیکلوںکی ٹکر سے دسویں جماعت کا طالب علم ندیم جاں بحق، سرفراز‘ رخسانہ‘ شبانہ شدید زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا جہاں دو کی حالت نازک ہے۔ علاوہ ازیں لاہور سے راولپنڈی جانے والی تیز رفتار کار جب دینہ کے قریب چک اکا کے مقام پر پہنچی تو موڑ کاٹتے ہوئے کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سیفٹی وال کو توڑتے ہوئے 80فٹ گہری کھائی میں جا گری جس سے کار میں سوار عرفان عمر 28سال موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ محمد عباس، عمران حفیظ اور عثمان لاہور شدید زخمی ہو گئے زخمیو ں اور جاں بحق ہونے والے افراد کو کار کی باڈی کاٹ کر باہر نکالا گیا اطلاع ملتے ہی پٹرولنگ پولیس کے اہلکار موقع پرپہنچ گئے‘ ریسکیو 1122نے زخمیوں کو پرائمری ہیلتھ سنٹردینہ پہنچایا۔ جھنگ میں ٹوبہ روڈ پر ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے 15 سالہ مدثر مصطفی موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ دو زخمیوں کو ریسکیو 1122 کی جانب سے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ایک زخمی‘ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

مزیدخبریں