اسلام آباد (آن لائن) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کنٹرول لائن پر نکیال اور بالا کوٹ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کر کے دو بچوں کو شدید زخمی کر دیا۔ اتوار کے روز ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے 24 گھنٹے کے دوران دوسری مرتبہ سیزفائر کی خلاف ورزی کی گئی گزشتہ رات 9 بج کر 50 منٹ پر نکیال اور بالا کوٹ سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس سے دو بچے زخمی ہوئے جن کی عمریں 9 سال اور 14 سال ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کی طرف سے کی جانے والی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دے کر دشمن کی گنیں خاموش کرا دیں۔ واضح رہے کہ بھارت نے ایک روز قبل بھی کنٹرول لائن پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس سے ایک 60 سالہ خاتون شہید ہو گئی تھی۔
کنٹرول لائن :بھارت کی پھر بلااشتعال فائرنگ 2 بچے شدید زخمی
Mar 20, 2017