2017ءالیکشن تیاریوں کا سال‘وزیراعظم کا اپنی جماعت کو ”پروایکٹو“رول دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (محمد نواز رضا+ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے 2017ءکو انتخابات کی تیاریوں کے سال کے طور پر منانے میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کو ”پروایکٹو“ رول ادا کرنے کی ذمہ داری سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ کی تنظیم سازی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے پہلے مرحلہ پر قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منگل کو طلب کیا ہے۔ جس میں وہ ارکان کے ”گلے شکوے“ سنیں گے۔ اس کے بعد پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کی تشکیل کی جائے گی اور خالی عہدے پر کئے جائیں گے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف منگل کو پارلیمانی پارٹی کے ارکان کو ہر قسم کی صورت حال میں اپنا رول ادا کرنے کا پیغام دیں گے۔ مسلم لیگ (ن) میں دائیں بازو کے ارکان جن کی قیادت چودھری نثار علی جان راجہ محمد ظفر الحق اور احسن قابال کر رہے ہیں۔ پارٹی کا قبلہ درست کرنے پر زور دیں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) میں اعلیٰ سطح پر بنیاد پرستوں اور ”روشن خیال“ رکھنے والوں کے درمیان پارٹی کی سمت کا تعین کرنے میں کشمکش جاری ہے۔2013ءکے انتخابات میں کامیابی کے بعد مسلم لیگ (ن) کا حکومت میں کردار ہوگیا تھا۔ بیوروکریسی کی گرفت مضبوط ہونے سے مسلم لیگ (ن) پس منظر میں چلی گئی۔ جس کے بعد وزیراعظم محمد نوازشریف مسلم لیگ (ن) کو فرنٹ لائن پر لا کر اپنے سیاسی مخالفین کا مقابلہ کرنے کیلئے نئی روح پھونکنا چاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نوازشریف جلد ملک گیر دورہ کریں گے اور مختلف شہروں میں بڑے جلسوں سے خطاب کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن