اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) رواں سال ماہ جون میں، شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر پاکستان بھارت وزراء اعظم کے درمیان ملاقات کا قوی امکان ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اس ملاقات کے نتیجہ میں دونوں ملکوں کے دو طرفہ مذاکرات کا ٹوٹا ہوا سلسلہ بحال ہو سکتا ہے۔ ایک قابل اعتماد ذریعہ کے مطابق چین اور روس کی طرف سے اس ملاقات کیلئے کوشش بھی کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت، دونوں، قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد رواں سال باضابطہ طور پر شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن بن جائیں گے۔ ڈیڑھ برس پہلے دونوں ملکوں کو تنظیم میں شامل کرنے کی رسمی منظوری دی گئی تھی۔ تنظیم کا مجوزہ سربراہ اجلاس چھ جون کو قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں منعقد ہو گا۔