اسلام آباد ( فواد یوسفزئی ، دی نیشن رپورٹ) سندھ حکومت نے رائٹ بنک آئوٹ فال ڈرین منصوبہ ٹو کیلئے اپنے حصے کی رقم 14ارب روپے وفاق کو ادا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ منصوبے کا مقصد منچھر جھیل کو آلودہ ہونے سے بچانے کیلئے بلوچستان اور سندھ کا پانی بحیرہ عرب میں دھکیلنا ہے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی حکومت اس مسئلے کے حل کیلئے سندھ حکومت کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دیگی۔ فیصلے کی روشنی میں مسئلہ حل کرنے کیلئے ایک ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا۔ ماہرین کے مطابق منصوبے مکمل ہونے سے سندھ میں 4.32ملین ایکڑ زمین کو سیم اور تھور سے بچایا جا سکے گا۔