اسلام آباد/لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب میں رینجرز‘ پولیس‘ حساس اداروں نے مشترکہ سرچ اور انٹیلی جنس آپریشن کے دوران 19مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ خفیہ اداروں نے راولپنڈی‘ اسلام آباد‘ اٹک‘ قصور‘ سیالکوٹ‘ لاہور میں آٰپریشن کئے۔ ملزموں سے اسلحہ بارود‘ لیپ ٹاپ‘ کرنسی غیر ملکی پاسپورٹ برآمد کر لئے گئے۔ علاوہ ازیں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران26مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ مغلپورہ، مناواں، ہنجروال، ہربنس پورہ، راوی روڈ و دیگر مقامات پر سرچ آپریشن کیا گیا۔ گیسٹ ہاوسز، فیکٹریوں، ہوٹلز، سرائے پر بھی چیکنگ کی اور شہریوں کے بائیو میٹرک مشینوں سے کوائف چیک کئے۔ پولیس نے حساس مقامات پر واقع گرجا گھروں ،امام بارگاہوں ،درباروں اور مساجد پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔ گگومنڈی سے نامہ نگار کے مطابق رینجراور پولیس کے مشترکہ کومبنگ آپریش میں باجوڑایجنسی سے تعلق رکھنے والے دو مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ حبیب، نور حبیب سے پولیس تفتیش کر رہی ہے۔ لورالائی میں تھانہ صدر پولیس نے افغان مہاجر کیمپ میں سرچ آپریشن کے دوران پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ دریں اثناء اتمان خیل کے گاؤں نوڈھیری میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔ شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے بھاری تعداد میں اسلحہ بر آمد کر لیا۔