لاہور ( نیوز رپورٹر) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کپاس کی آئندہ فصل سے بھرپور پیداوار لینے کیلئے کسان پیکج کے تحت کپاس کی منتخب شدہ اقسام پر جنوبی پنجاب ( کاٹن زون ) کے کاشتکاروں کو کروڑوں روپے سبسڈی کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس سکیم کے تحت ملتان ، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، بہاولنگر، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، لیہ، مظفرگڑھ اور راجن پور کے اضلاع کے کا شتکاروں میںکپاس کے منتخب شدہ اقسام کے بیج پر 700 روپے فی بیگ سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ یہ سبسڈی صرف منتخب شدہ اقسام آئی یو بی 13-،ایف ایچ142-،ایف ایچ- لالہ زار اور ایم این ایچ886- پر دی جائے گی۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ اس سکیم میں شامل ہونے کیلئے متعلقہ اضلاع کے خادمِ پنجاب کسان پیکج کے تحت رجسٹرڈ کاشتکار اپنے موبائل سےCS0319<space>CNICNumber لکھ کر 8070 پر SMS کریں۔متعلقہ اضلاع کے رہائشی ہونے کی صورت میں کاشتکاروں کو تصدیقی ایس ایم ایس موصول ہوگا۔ سکیم میں شامل ہونے کیلئے ایس ایم ایس بھیجنے کی آخری تاریخ30 مارچ2018 ہے۔کاشتکاروں کی سہولت کے پیشِ نظر حکومت پنجاب نے ایس ایم ایس بھیجنے کی تاریخ کو15 مارچ سے بڑھا کر 30 مارچ کر دیا ہے۔ یہ سبسڈی واﺅچرز بیج کپاس کے تھیلے میںاپریل2018 کو فراہم کئے جائیں گے۔
ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ کپاس کی ان اقسام کی کاشت سے جنوبی پنجاب میں اس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔جن کاشتکاروں نے ابھی تک خادمِ پنجاب کسان پیکج کے تحت اپنی رجسٹریشن نہیں کروائی ہے وہ اس سبسڈی سکیم میں شامل ہونے کیلئے زرعی ہیلپ لائن کے نمبرز0800-15000 یا0800-29000 پر رابطہ کرکے اپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل کروائیں۔