کراچی (نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کراچی میں تاجروں سے خطاب میں کہا ہے لوگ پیسہ اور جائیدادیں بنانے کیلئے سیاست میں آتے ہیں۔ بڑے سیاستدانوں کو دیکھ لیں سیاست میں نہیں تھے تو ان کے پاس کیا تھا اور آج کتنا ہے۔ آج تک پی ٹی آئی جیسی سیاست کسی نے نہیں کی۔ اچھے لوگ سیاست میں نہیں آنا چاہتے۔ اچھے لوگ اپنی عزت اور کاروباربچانے کیلئے سیاست میں نہیں آتے۔ یہاں سیاست نہیں مافیا کا مقابلہ کرنا ہے۔ خیبر پی کے میں اتحادیوں کی وجہ سے مشکلات نہیں آئیں۔ قیادت کرپٹ نہ ہو تو نیچے کے لوگ کرپشن نہیں کرتے۔ سب سے مشکل کام پولیس کو درست کرنا ہے۔ عمران خان نے بزنس کمیونٹی کو آئندہ انتخابات میں ٹکٹ دینے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا خیبر پی کے میں اداروں کو ٹھیک کرکے دکھایا ہے بہتر معیشت کیلئے ہنگامی اقدامات کرنا ہوں گے۔ پی پی پی اور مسلم لیگ ن نے اپنے صوبوں میں پولیس کو درست نہیں کیا۔ سندھ میں راﺅ انوار اور پنجاب میں شہباز شریف کے غنڈے آزاد پھر رہے ہیں۔ خیبر پی کے میں امن و امان قائم کرنا بڑا چیلنج تھا۔ کراچی کو لندن پیرس اور نیویارک کی طرح چلنا چاہئے۔ مضبوط لوکل گورنمنٹ کراچی کی ترقی کیلئے ضروری ہے۔ کراچی میں کچہرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، ایک موقع پی ٹی آئی کو ملنا چاہئے، دریں اثنا چیئرمین تحریک انصاف نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پی کے پولیس کسی کو تنگ کرتی ہے تو آئی جی کو کال کر سکتے ہیں۔ یہ دونوں جماعتیں 20 سال سے حکومتیں کر رہی ہیں یہ ملک کو دیمک کی طرح کھا رہے ہیں ان کی وجہ سے ملک مقروض ہوتا جا رہا ہے۔ کرپشن اوپر سے نیچے آتی ہے، میں وعدہ کرتا ہوں سب سے پہلے محنت کشوں کے مسائل حل کریں گے۔ جب ملک کے اوپر لوگ چوری کرتے ہیں تو اس سے ادارے تباہ ہوتے ہیں۔ ملک میں مہنگائی کی سب سے بڑی وجہ کرپشن ہے۔ نوازشریف، آصف زرداری اور شہبازشریف کرپٹ ترین ہیں۔ جو کرپشن سے پیسہ بناتے ہیں وہ اس ملک کیلئے کینسر ہیں۔ چوری یہ کرتے ہیں اور مقروض عوام کو بناتے ہیں، قوم غریب اور یہ چور امیر ترین ہوتے جا رہے ہیں۔ کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا، اس لئے نکالا کیونکہ وہ آپ کے پیسے چوری کر رہا تھا۔ علاوہ ازیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دیگر رہنماﺅں کے ساتھ پریس کانفرنس کی، اس موقع پر عامر لیاقت حسین اور معروف اداکار عابد علی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا الیکشن میں چھ ماہ رہ گئے عامر لیاقت حسیناور عابد عل یکو تحریک انصاف میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ کراچی روشنیوں کا شہر تھا اور اب کہاں پہنچ گیا ہے۔ اسٹیٹس کو اور تبدیلی لانے والی جماعت کا مقابلہ ہے۔ جنوبی پجناب میں 30 سال میں ایک ہسپتال نہیں بنا، آدھے سے زیادہ پنجاب کا ترقیاتی بجٹ لاہور پر خرچ ہوتا ہے۔ خیبر پی کے میں جو ہم نے وعدے کئے وہ پورے کئے۔ تعلیم پر پیسہ خرچ کریں عوام خود سڑکیں بنا لیتی ہیں۔ سندھ میں سیاسی اتحاد ڈیلیور نہیں کر سکا کراچی کے لوگ تحریک انصاف کوتبدیلی لانے کا موقع دیں۔ چاہتے ہیں سندھ کے لوگ اب تحریک انصاف کو موقع دیں، کام کرکے دکھائیں گے۔ ہمیں فخر ہے خیبر پی کے میں پہلی مرتبہ حکومت ملی ہم تعلیم، پولیس، ترقی اور غربت کے خاتمے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ مجھے خیبر پی کے پر فخر ہے۔ کراچی کے لوگوں سے اپیل ہے میرے لئے نہیں اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے آئیں، جس کمبی نیشن نے کراچی کو تباہ کیا وقت آ گیا اس کو تبدیل کیا جائے۔ کراچی میں محنت کشوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا چوری زرداری، نوازشریف کرتے ہیں اور مقروض عوام کو کر دیتے ہیں، یہ کرپشن سے پیسہ بنانے والے ملک کے لئے کینسر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا میں آپ کا کپتان بنوں گا آپ میری ٹیم، ہم مل کر دونوں کرپٹ رہنماﺅں کو شکست دیںگے۔ عمران خان نے بتایا جب ملک میں اقتدار پر بیٹھے لوگ کرپشن کرتے ہیں تو ادارے تباہ ہوتے ہیں محنت کوئی کر رہا ہے اور پیسہ کوئی اور بنا رہا ہے۔ حکمرانچوری کرکے ملک کا پیسہ باہر لے جاتے ہیں، عوام پر قرض چڑھ جاتا ہے جبکہ زرداری، نوازشریف کے آنے سے پہلے ہر پاکستانی پر 30 ہزار روپے قرضہ تھا۔ اس سے قبل تاجروں سے خطاب میں عمران خان نے کہا سندھ اور پنجاب میں پولیس کو سیاسی بنا دیا گیا۔ انہوں نے خیبر پی کے میں پولیس پر ماورائے عدالت قتل کا ایک بھی کیس نہ ہونے کا دعویٰ بھی کیا۔
عمران خان
نواز‘ شہباز‘ زرداری کرپٹ ترین‘ ایک موقع پی ٹی آئی کو ملنا چاہیے : عمران
Mar 20, 2018