نئی دہلی (اے این این) بھارت میں کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وزیراعظم مودی بذات خود کرپشن ہیں۔نئی دہلی میں کانگریس پلینری سیشن سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ بینکوں کو لوٹنے والے نیرو مودی کے نام میں بھی بھارتی وزیراعظم کا نام آتا ہے، کرکٹ میں سب سے کرپٹ آدمی للیت مودی کے نام میں بھی بھارتی وزیراعظم کا نام آتا ہے لہذا مودی دراصل سرمایہ دار دوستوں اور وزیراعظم بھارت کی ملی بھگت کا نام ہے۔راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی اورآرایس ایس اقتدارکی جنگ لڑنے کیلئے بنی ہیں، کانگریس سچ کی لڑائی کے لیے بنی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بھارتی مسلمان جوکبھی پاکستان نہیں گئے بی جے پی انہیں کہتی ہے یہ مسلمان بھارت سے تعلق نہیں رکھتے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ خواتین کو کہتے ہیں کہ مناسب لباس پہنیں،کرپٹ اور طاقتور لوگ ہمارے ملک پر قابض ہیں۔