زین قتل کیس: ہائیکورٹ نے ملزم مصطفی کانجو کی بیرون ملک موجودگی کا ریکارڈ مانگ لیا

Mar 20, 2018

لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے زین قتل کیس کے ملزموں کی بریت کے خلاف دائر اپیل پر مصطفی کانجو کی بیرون ملک موجودگی کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ دو رکنی بنچ نے ملزموں کی بریت کے خلاف حکومت پنجاب کی اپیل پرسماعت کی۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل پنجاب عبدالصمد نے بتایا کہ عدالتی حکم کے باوجود مصطفی کانجو سمیت چار ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ ملزموں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم مصطفی کانجو بیرون ملک ہے تین دیگر ملزم صادق، اکرام اللہ اور آصف الرحمن لکی مروت میں موجود ہیں جنہیں آئندہ سماعت پر پیش کردیا جائے گا۔ عدالت نے سی سی پی او لاہور امین وینس کو ہدایت کی کہ مصطفی کانجو کی بیرون ملک ٹریول ہسٹری کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آئندہ سماعت پر دلائل سن کر فیصلہ کر دیا جائے گا۔ مصطفی کانجو پر طالب علم زین کو سرعام فائرنگ کر کے قتل کرنے کی الزام کے تحت مقدمہ درج ہے۔ ٹرائل عدالت نے راضی نامہ ہونے کی بنا پر ملزموں کو بری کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے ملزموں کی بریت کا از خود نوٹس بھی لے رکھا ہے۔

مزیدخبریں