گجرات+ سرائے عالمگیر (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) (ق) لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے سرائے عالمگیر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں سے ملکر انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ موجوہ حالات انتہا پسند سیاست کے متحمل نہیں‘ تحمل‘ رواداری میں کامیابی ہے۔ سیاست میں غلط روایات کو پروموٹ کرکے قومی تشخص تباہ کیا جارہا ہے۔ 45سال میں ایسا نہیں دیکھا، جمہوریت کے نام پر جمہوریت کی مٹی پلید کر رہے ہیں۔ نوازشریف سیاست سے نابلد‘ جمہوریت کش پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔ قومی اداروں کے خلاف بیانات غیرملکی ایجنڈے کا حصہ ہیں جو ناقابل قبول ہے۔ سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ پر افسوس ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا ہے کہ گالی گلوچ پر بھی تحمل کا مظاہرہ کرنے والے ججوں پر آفرین ہے، فاضل جج صاحبان چاہیں تو اس موسم میں بھی سوٹ پہن کر سپریم کورٹ آنے والے توہین عدالت کے مجرموں کو چھ، چھ ماہ کیلئے مچھ جیل بھیج سکتے ہیں تاکہ وہ وہاں آئندہ مہینوں میں سوٹ پہن کر ہی موسم انجوائے کریں جہاں پنجاب سے بھی زیادہ گرمی پڑتی ہے۔ وہ صدر مسلم لیگ تحصیل سرائے عالمگیر راجہ محمد اسلام ذمہ واریا کے کمیونٹی سنٹر کا افتتاح کرنے کے بعد گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر راجہ مظہر ذمہ واریا جنرل سیکرٹری مسلم لیگ فرانس، چودھری شاہد رضا کوٹلہ، چودھری خالد اصغر گھرال، ملک نعیم آف شامپور اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ اگر کسی کو کرپشن میں سزا ہوئی تو اس کے حق میں کسی نے بھی ہڑتالیں اور ہنگامے نہیں کرنے۔ ایک اور سوال پر کہا کہ الیکشن ہوتے نظر تو نہیں آ رہے ہیں کیونکہ حلقہ بندیوں میں کافی گڑبڑ ہوئی ہے۔