فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ آصف علی زرداری اور عمران خان کرپشن کے بے تاج بادشاہ ہیں، فریال تالپور اربوں روپے کرپشن کی سرغنہ ہیں، نواز شریف کو اقامہ کی بنیاد پر نکال دیا گیا، اقتدار کس کو ملے گا فیصلہ 22 کروڑ عوام نے کرنا ہے۔ پیپلز پارٹی نے سندھ میں کرپشن کے انبار لگا دیئے، ڈاکٹر عاصم کو باہر جانے کی اجازت دے دی گئی نوازشریف اور مریم نواز کو کلثوم نواز کی تیمارداری کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔ میری لیڈر شپ کبھی پاکستان سے نہیں بھاگے گی، پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو گیا۔ پشاور میں ایک ارب درخت لگانے کی آڑ میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی، میٹروبس کو جنگلہ بس کہنے والے آج خود میٹرو بس بنا رہے ہیں۔ نیب کو پشاور کی طرف بھی دھیان دینا چاہیے، وزیراعلی خیبرپی کے کرپشن میں ملوث ہیں، پنجاب میں 27 اور خیبر پی کے 57 ارب کی میٹروبن رہی ہے، پرویز خٹک نے میٹرو میں 30 ارب روپے کمیشن لیا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کے سلسلہ میں پی ایچ ڈی کے زیرتعلیم طلباء وطالبات میں 267لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔ نیو سینٹ ہال میں منعقدہونے والی تقریب میں وزیرمملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی ‘ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر‘ رکن پنجاب اسمبلی میاں طاہر جمیل اور ڈائریکٹر جنرل ریجنل سینٹر ہائر ایجوکیشن کمشن نذیر حسین نے میرٹ صلاحیت کی بنیاد پر نوجوانوں کی پذیرائی کرتے ہوئے ان میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ طلبہ سے خطاب کرتے وزیرمملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ حکومت صلاحیت کی بنیاد پر نہ صرف نوجوانوں میں ہزاروں لیپ ٹاپ تقسیم کر رہی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرنگرانی پورے صوبے میں میرٹ کی بنیاد پر اڑھائی لاکھ اساتذہ کی شفاف بھرتی کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔ میرٹ پر لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے نوجوانوں کو انمول ہیرے ہیں۔ 2013ء میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم سے اب تک زرعی یونیورسٹی کے ساڑھے چودہ ہزار نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے آخری مرحلے میں پاکستان میں قائم مینوفیکچرنگ پلانٹ پر تیار کئے گئے 6128لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے۔ یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیا دنیا کے نامور معتبر اداروں کے ساتھ پیشہ وارانہ نیٹ ورکنگ کا حصہ بنیں تاکہ گریجوایٹ ہونے والے باصلاحیت طلبہ کیلئے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں۔ پاکستان میں پھل اور سبزیوں کی تیاری میں کیمیکلزکے بڑھتے استعمال پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ نامیاتی زراعت کیلئے بھی اقدامات بروئے کارلانے چاہئیں۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے خطبہ استقبالیہ میں لیپ ٹاپ حاصل کرنیوالے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت یونیورسٹی میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر بھاری سرمایہ کاری سمیت نچلی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے سستے مواقع پیدا کرنے کیلئے ضلعی ہیڈ کوارٹرمیں نئی یونیورسٹی یا پہلے سے موجود جامعات کے سب کیمپس قائم کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت کی معاونت سے 1350ملین روپے کی لاگت سے یونیورسٹی میں ہزار طلبہ کیلئے ہاسٹل کے ساتھ ساتھ کثیر المنازل آئی سی ٹی بلڈنگ‘ ڈیجیٹل لائبریری اور سٹوڈنٹ سروس سنٹر کی تعمیر آخری مراحل میں ہے جبکہ 250ملین روپے سے پورے کیمپس میں آئی سی ٹی انفراسٹرکچرکی بنیاد ڈال دی گئی۔ ہائرایجوکیشن کمشن کے ریجنل ڈائریکٹر جنرل نذیر حسین نے کہاکہ کمیشن کی وساطت سے نوجوانوں کو 10ہزار سے زائد الیکٹرانک بکس اور ہزاروں تحقیقی جرائد تک رسائی حاصل ہے۔ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ نوجوانوں کو پاکستان میں موجود مینوفیکچرنگ پلانٹ سے تیار کردہ لیپ ٹاپس فراہم کئے جا رہے ہیں۔ تقریب سے ڈائریکٹر فنانشل ایڈ و یونیورسٹی ڈویلپمنٹ ڈاکٹر حفیظ احمد صداقت نے بھی خطاب کیا۔
زرداری اور عمران کرپشن کے بے تاج بادشاہ ہیں: عابد شیر علی
Mar 20, 2018