لاہور(نامہ نگار +خصوصی رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس+ اپنے نامہ نگار سے) پاکستان سپر لیگ تھری کا میلہ متحدہ عرب امارات سے پاکستان منتقل ہو گیا۔پی ایس ایل پلے آف مرحلے میں آج منگل کو دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اورکوئٹہ ہ گلیڈی ایٹرز کے مابین شام سات بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا دوسرے پلے آف کی فاتح ٹیم تیسرے پلے آف میںکراچی کنگز کے ساتھ مقابلہ کرے گی آج کے میچ میں پشاور زلمی کو اُن تمام غیرملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں جو پلے آف مرحلے سے پہلے کے میچوں میں ٹیم کا حصہ تھے جبکہ کوئٹہ گیڈی ایٹرز کو غیرملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آنے سے انکار کے باعث نئے کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنا پڑا ہے۔ پلے آف میچز میں 6 ممالک کے 16 غیر ملکی کرکٹرز شریک ہوں گے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کیون پیٹرسن اور شین واٹسن کی جگہ سری لنکا کے تھیسارا پریرا اور ویسٹ انڈیز کے جونسن چارلس انگلینڈ کے یارک شائر کاؤنٹی کے بیٹسمین کوہلر، آسٹریلیا کے کرس گرین اور بنگلہ دیش کے محمود اللہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میںشامل ہیں۔پشاور زلمی کی ٹیم میں کپتان ڈیرن سیمی کے علاوہ لائم ڈوسن، رکی ویسلز، کرس جورڈن، آندرے فلیچر اور تمیم اقبال کھیلیں گے۔ کراچی کنگزکو ڈینلی، کولن انگرام، روی بوپارا، ٹائمل ملز اور ڈیوڈ ویزکی خدمات حاصل ہونگی۔اسلام آباد یونائیڈ کیجے پی ڈومنی، لیوک رونچی سمیت دیگر کرکٹرز کراچی میں فائنل کیلئے 22 مارچ کی رات کراچی پہنچیں گے۔ پی سی بی کی جانب سے لاہور میں پلے آف کیلئے تیاریاں مکمل ہیںسیف سٹیز اتھارٹی ٹیموں کے روٹس اورسٹیڈیم پر 300 کیمروں کی مدد سے چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کرے گی۔ سٹیڈیم کی حدود میں عارضی ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے مقامی ہوٹل کے اطراف عمارتوں پرکمانڈوزتعینات ہوں گے ا س موقع پر پولیس کے 18ہزارافسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے جبکہ رینجرز اورپاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں ۔ہیلی کاپٹر سے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔چنگ چی، آٹو رکشہ، ایل این جی اور ایل پی جی گاڑیوں کو پارکنگ ایریا میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔گاڑیوں میں موجود تمام افراد کے پاس شناختی کارڈ اور میچ کی ٹکٹ ہونا لازمی ہوگا۔شہریوں کی سہولت کیلئے پارکنگ ایریا سے مفت شٹل بس سروس کا انتظام کیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان دو دنوں میں دوپہر 12 بجے کے بعد قذافی سٹیڈیم کی طرف غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور رش سے بچنے کیلئے میٹرو بس کا استعمال کریںاس موقع پر ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ، ایدھی عملہ اور دیگر امدادی ٹیمیں الرٹ رہیں گی۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے انتظامات کی چیکنگ کے لئے قذافی سٹیڈیم کا دورہ کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکر ٹری بلدیات شاہد نصر راجہ اور دیگر افسران بھی تھے۔لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی طرف سے کرکٹ شائقین کے لیے فری شٹل سروس کا آج سے آغاز کیاجا رہا ہے ۔ایل ٹی سی کی جانب سے30اے سی کوسٹر بسیں اور 5اے سی ہائی ایس وین پر مشتمل شٹل سروس چلائی جائے گی جو کہ مختلف پارکنگ پوائنٹس سے قذا فیاسٹیڈیم تک شائقین کو مفت ، آرام دہ اور محفوظ سفری سہولت فراہم کرے گی۔