اسلام آباد (صباح نیوز )سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی حالت زار کے حوالے سے تحریک انصاف نے تحریری طور پر چیف جسٹس سے از خود نوٹس کی استدعاکر دی۔تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے چیف جسٹس کو خط بھجوا دیاہے۔ خط میں چیف جسٹس سے کہا ہے کہ لاکھوں شہری رزق کی تلاش میں سعودی عرب میں مقیم ہیں۔رزق کی تلاش میں مصروف لاکھوں پاکستانی سنگین نوعیت کی مشکلات کا شکار ہیں۔ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ وزارت خارجہ کے پاس سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی حقیقی تعداد اور کوائف تک دستیاب نہیں۔ حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ ایک ہزار سے کچھ زائد پاکستانی سعودی عرب کی جیلوں میں قید ہیں۔ اس کے ساتھ سعودی عرب میں اقامہ کی تجدید کا مسئلہ درپیش ہے۔ پاکستانی مزدوروں کو اجرت میں نارواء کٹوتی جیسے ظالمانہ اور سنگین مسئلے کا بھی سامنا ہے۔ حکومتِ کا اس سلسلے میں رویہ بھی انتہائی مایوس کن اور ناقابل فہم ہے۔ یہ پاکستانی شہری سعودی عرب سے وطن واپس آنے سے بھی مکمل طور پر قاصر ہیں۔حکومتِ اس سلسلے میں بھی کوئی خاطر خواہ قدم اٹھانے کو تیار دکھائی نہیں دے رہی۔آپ سے التماس ہے کہ حکومت اور اس کے ذیلی اداروں سے پاکستانیوں سے متعلق جامع حقائق طلب کریں موزوں احکامات صادر کریں۔
سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کی حالت زار پر تحریک انصاف کی چیف جسٹس سپریم کورٹ سے ازخود نوٹس لینے کی استدعا
Mar 20, 2018