اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان سے کمانڈر آف بحرین نیشنل گارڈ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ بحرین کے کماڈرز نے وزیر اعظم عمران خان کو دورہ بحرین کی بھی دعوت دی جسے وزیر اعظم نے قبول کر لیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ وزیر اعظم نے بحرین کے ساتھ دفاع سمیت تمام شعبوں میں تعاون پر اظہار اطمینان کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے بحرین کے وزیر اعظم کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دی۔اس سے قبل بحرین نیشنل گارڈز کے سر براہ شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور اور خطہ میں سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں قائد ین نے پاکستان اور بحرین کے درمیان فوجی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ شیخ عیسیٰ نے علاقائی امن کے استحکام کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی ۔