اوسلو (نوائے وقت رپورٹ) ناروے میں بھی گزشتہ روز دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ ناروے کے شہر اوسلو میں چاقو بردار نوجوان نے سکول سٹاف پر خنجر سے حملہ کیا جس سے 4 افراد زخمی ہو گئے۔ نارویجن حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سابق طالب علم ہے۔ دریں اثناء برسلز میں یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹرز سے متصل ایک کمپنی کی عمارت میں بم کی اطلاع ملنے پر عمارت کو عملے سے خالی اور اطراف کی سڑکیں آمدورفت کے لئے بند کر دی گئیں۔ واشنگٹن پوسٹ میں شائع رپورٹ کے مطابق مذکورہ کمپنی‘ یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹرز سے براہ راست تعلق میں ہے جو کہ ہیڈ کوارٹر کے بالکل قریب ہی واقع ہے۔ اس حوالے سے پولیس کے ترجمان ایلے وینڈی کیری نے بتایا کہ فون پر ملنے والی بم کی اطلاع کے نتیجے میں عمارت میں موجود 40 افراد کو فوری طور پر نکال لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے کمپنی کے اطراق کے سڑکیں بھی نقل و حرکت کے لئے بند کر دی اور دھماکہ خیز مواد کی تلاش شروع کر دی۔