بیجنگ (آئی این پی+ سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) چین کے نائب صدر وانگ چھی شان نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی خود مختاری، سالمیت اور سماجی و معاشی ترقی کے لئے غیر متزلزل تعاون جاری رکھے گا، پاکستانی وزیر اعظم کے دورہ چین کے بعد سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی نائب صدر کی جانب سے پاکستان کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا وزیر اعظم عمران بیجنگ میں منعقد ہونے والے دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کریں گے۔ منگل کو وزیر خارجہ نے چینی نائب صدر کے ساتھ ملاقات کی، ملاقات میں پاک چین تعلقات، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور علاقائی صورت حال پر گفتگو کی گئی، اس موقع پر چینی نائب صدر نے دو نوں ممالک کے مابین سدا بہار دوستی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ چین پاکستان کی خود مختاری، سالمیت اور سماجی و معاشی ترقی کے لئے غیر متزلزل تعاون جاری رکھے گا، پاکستانی وزیر اعظم کے دورہ چین کے بعد سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہیں، اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی نائب صدر کو وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے نیک خواہشات پر مبنی پیغام پہنچایا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بیجنگ میں منعقد ہونے والے دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کریں گے، انہوں نے چینی نائب صدر کا پاکستان کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور انہیں علاقائی صورت حال سے آگاہ کیا، وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی میں کمی کے لئے چین کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی پیشرفت پر بھی گفتگو کی، دونوں رہنمائوں نے سی پیک کی تیزی کے ساتھ عملداری پر بھی اتفاق کیا۔ دریں اثناء دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بیجنگ میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی ڈیپارٹمنٹ کے وزیر سونگ تائو سے ملاقات کی۔ سونگ تائو نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بیجنگ آمد پر خود آمدید کہا۔ دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ پارٹیوں کی سطح پر وفود کا تبادلہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔ پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین پارٹی سطح پر مزید مضبوط تعلقات کے خواہاں ہیں۔ دریں اثناء بیجنگ میں پہلے پاکستان چین وزیر خارجہ سٹرٹیجک مذاکرات کا آغاز ہو گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور چینی ہم منصب وانگ ژی مذاکرات میں شریک ہوئے۔ مذاکرات میں خطے میں امن و امان کی صورتحال، دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔ پاکستان کا ساتھ دینے پر چین کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کیلئے چین کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ دونوں وزرا، خارجہ نے افغان امن عمل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کیلئے مشترکہ کوشیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کیلئے پاکستان کا موقف قابل ستائش ہے۔ پاک چین وزراء خارجہ کے بیجنگ میں سٹرٹیجک مذاکرات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ مذاکرات میں باہمی تعلقات ، اقتصادی راہداری کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تجارت، سرمایہ کاری، معاشی تعاون اور عوامی روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مذاکرات میں علاقائی بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزراء خارجہ نے اعلیٰ سطح پر سیاسی اور سرکاری روابط بر قرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں وزراء نے قیادت کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کا عزم کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے تمام اہم امور پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت ہے۔