لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالتوں میں آشیانہ اقبال، رمضان شوگر ملز اور پیراگون سکینڈل کی سماعت ہوئی۔ کرونا وائرس کے خدشے کے باعث رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز اور پیراگون ریفرنس میں خواجہ برادران کو عدالت میں پیش نہ کیا گیا۔ فاضل عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملزکیس کی سماعت 27 مارچ تک ملتوی کر دی۔ آشیانہ اقبال سکینڈل کیس میں سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی جانب سے انکے نمائندے نواز ایڈووکیٹ نے حاضری مکمل کرائی۔ شریک ملزموں احد چیمہ، شاہد شفیق کو بھی کرونا کے خدشے کے باعث جیل سے عدالت پیش نہ کیا گیا۔ آشیانہ ریفرنس کے ملزم فواد حسن فواد کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر عدالت نے سخت اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے فواد حسن فواد کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 27مارچ تک ملتوی کی۔ دوسری جانب عدالت نے خواجہ برادران کیخلاف پیراگون ہائوسنگ سکینڈل کیس کی سماعت آٹھ اپریل تک ملتوی کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پرعزیز بھٹی ٹائون کے پٹواری ریاض حسین کو زمینوں کے ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔
آشیانہ اور پیراگون ریفرنس میں شہباز شریف، خواجہ برادران کو عدالت پیش نہ کیا گیا، سماعت 27 مارچ تک ملتوی
Mar 20, 2020