بدعنوان عناصر کیخلاف بغیر دبائو ذمہ داری ادا کررہے ہیں: چیئرمین نیب

Mar 20, 2020

لاہور (سٹاف رپورٹر)چیئر مین جسٹس جاوید اقبال نے لاہور بیورو کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کی جانب سے انہیں میگا کرپشن کے مقدمات میں ہونیوالی پیش رفت پہ جامع بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں نیب لاہور کے تمام سینئر افسروں نے شرکت کی۔ جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا نیب مبینہ بدعنوان عناصر کیخلاف قانون کے مطابق اور میرٹ کی بنیاد پر کسی بھی دباؤ، دھمکی، پریشر اور پراپیگنڈہ مہم کو خاطر میں لائے بغیر اپنی قومی ذمہ داری ادا کر رہا ہے۔ نیب آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دینے پر یقین رکھتا ہے اور دیتا رہے گا۔ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے کام کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے جو بدعنوان عناصر کیخلاف صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پہ اور ٹھوس شواہد کے حصول کے بعد ہی اقدامات اٹھانے پر یقین رکھتا ہے۔ نیب کے کرپٹ عناصر کیخلاف اور ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے مختلف معتبر قومی اور بین الاقوامی ادارے معترف ہیں جن میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل، ورلڈ اکنامک فورم اور پلڈاٹ شامل ہیں۔ چیئر مین نیب نے ہدایات جاری کیں کہ تمام میگا کرپشن کے مقدمات کی جلد از جلد تحقیقات منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے شواہد کے ساتھ ریفرنسز معزز احتساب عدالتوں میں دائر کئے جائیں۔

مزیدخبریں