اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے 35 کینال اراضی تنازعہ کیس میں شیخ اسلم کو آج جمعہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ درخواست گزار نے لکھا ہے اسکا عدلیہ پر اعتماد نہیں۔ چیف جسٹس نے وکیل درخواست گزار سے مکالمہ کیا کہ درخواست گزار کو اعتماد نہیں تو یہاں لینے کیا آیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ درخواست گزار امریکن یا برٹش کورٹ میں چلا جائے۔ وکیل درخواست گزار انعم حمید نے کہاکہ درخواست میں کوئی ایسی بات نہیں لکھی گئی۔ شیخ اسلم لاشیں گرانے کی دھمکیاں دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 1999 میں اراضی کے تبادلے کا معاہدہ ہوا۔ شیخ اسلم نے آج تک اراضی نہیں دی، سپریم کورٹ میں درخواست دی تو شیخ اسلم سول کورٹ میں چلا گیا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد شیخ اسلم کا سول کورٹ جانا بدنیتی ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ شیخ اسلم کدھر ہے؟۔ وکیل شیخ اسلم نے کہاکہ شیخ اسلم نہیں اسکا بیٹا آیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ شیخ اسلم عدالت کے ساتھ کھلواڑ کر رہا ہے، کیوں نا بیٹے کو عدالت سے جیل بھجوا دیں۔ بعد ازاں کیس کی سماعت آج جمعہ تک ملتوی کر دی گئی۔