اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرو راور چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان ابرار الحق نے مشترکہ کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم اِس وقت انٹرنیشنل ڈیزاسٹر سے گزر رہے ہیں۔ ہمیں اِس وباء کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ ہلالِ احمر نے کڑے وقت میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ اکیلی حکومت اِس وباء سے نہیں نمٹ سکتی، ہمیں مل کر اِس وباء کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں قائم کردہ ٹیلی میڈیسن سنٹر بارے بھی بتایا۔ جہاں دِن رات 200 کے قریب ڈاکٹر رضاکارانہ طور پر خدمات فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے ہلال ِاحمر کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے چیئرمین ابرار الحق کو مبارکباد بھی دی۔گورنر سرور نے تمام مکاتب فکر کے علماء سے اپیل کی کہ وہ اِ س کڑے وقت میں تمام تر اختلافات بالا کے طاق رکھ کر اِ س وباء کے خلاف آگاہی مہم میں حصہ لیں۔ ہم احتیاطی تدابیر اپنا کر ہی اِ س وباء سے بچ سکتے ہیں۔ ہمیں چین سے سبق سیکھنا ہوگا۔ ابرار الحق نے کہا کہ چمن میں ہلالِ احمر نے کوالیفائیڈ سکریننگ سنٹر قائم کیا ہے۔ صوبائی حکومت کے ساتھ ہلال ِاحمر کی ہیلتھ ٹیمیں متحرک ہیں، اب تک 25 ہزار افراد کی سکریننگ کی جا چکی ہے۔ فرسٹ ایڈر ہر شہر میں موجود ہیں۔ طور خم بارڈر پر بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، ریسپانس سنٹر کے علاوہ واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کردیا گیا ہے۔ائیرپورٹس پر ہلالِ احمر کی 10 ایمبولینس اور ریسپانس ٹیمیں تعینات ہیں۔ ہمارے رضاکار ملک بھر میں لوگوں میں احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی پھیلا رہے ہیں۔ ہلال ِاحمر کے 2000 تربیت یافتہ رضاکار ملک بھر میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ہلالِ احمر ماسک، ڈائیگناسٹک کٹس اور دیگر ضروری سامان کیلئے موومنٹ پارٹنرز اور چائنہ سے مکمل رابطے میں ہے۔