کراچی (قمر خان) پاکستان میدیکل ایسو سی ایشن نے ملک میں کورونا متاثرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے حکومت سے اپیل کی ہے کہ اب تو سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے کیونکہ اب غلطی کی گنجائش نہیں رہی۔ ذرا سی غفلت بہت بڑی تباہی کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔ پی ایم اے کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا ہے کہ اب بھی تفتان سمیت دیگر بارڈر بند نہ کئے گئے تو کورونا تباہی کو روکنا انسان کے بس کی بات نہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے ملنے والی سرحد ہی نہیں بلکہ چور راستے بھی بند کرنا ہونگے جہاں سے بد عنوان اہلکاروں اور مقامی افراد و ڈرائیوروں کی بلی بھگت سے آمد رفت جاری ہے۔ انہوں نے تفتان بارڈر پر قائم قرنطینہ کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ قرنطینہ درحقیقت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی نرسری ثابت ہوا ہے اور بھیڑ بکریوں کی طرح رکھے گئے ان افراد میں سے جن کو دور دور تک کورونا وائرس نہیں تھا وہ بھی اس کا آسان شکار بن گئے۔
کرونا پر قابو پانے کیلئے تمام بارڈربند کرنا ہونگے، پی ایم اے
Mar 20, 2020