اسلام آباد (انٹرنیشنل ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر شدید تشویش ہے۔ اس لئے بھارتی حکومت مقبوضہ وادی میں کرونا وائرس کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرے۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارت پر زور دیتے ہیں کہ کرونا پھیلاؤ کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ختم کرے اور ضروری سپلائی یقینی بنائے۔ وزارت خارجہ نے کرونا کی روک تھام کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں واک ان قونصلر سروسز بند کر دی گئی ہیں۔ وزارت خارجہ میں خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے جو دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں سے رابطے میں ہے جبکہ دفتر خارجہ میں چوبیس گھنٹے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے۔ دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں نے اپنی کمیونٹی کی رہنمائی کیلئے فوکل پرسن مقرر کر دئیے ہیں، شہریوں کی بہتری کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اور تمام شہریوں سے کہا ہے کہ حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں جبکہ میڈیا کا اس حوالے سے اہم کردار ہے۔ صدر مملکت نے چین کا دورہ کیا اور ان کے دورہ چین کے دوران دو اہم معاہدوں پر دستخط کئے گئے، دونوں ملکوں کی قیادت نے باہمی تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔