اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) ملک بھر میں یکساں نصاب تعلیم رائج کرنے کے حوالے سے پہلا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ وزیراعظم کو یکساں نصاب تعلیم رائج کرنے کے حوالے سے ٹائم فریم پیش کر دیا گیا۔ پہلی سے پانچویں جماعت تک کیلئے نصاب تعلیم تیار کرلیا گیا ہے۔ چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کا قومی نصاب مارچ 2022، نہم سے بارھویں جماعت تک کا قومی نصاب مارچ 2023ء تک مکمل طور پر رائج ہو جائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ قومی یکساں نصاب تعلیم میں آنحضورؐ کی سیرت مبارکہ، قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے افکار اور سوچ کو نصاب کا حصہ بنایا جائے۔ نصاب کی کتابوں کی اشاعت کے حوالے سے مافیا کے عمل دخل کو مکمل طور پر ختم کیا جائے۔ وزیر اعظم عمران خان کو اجلاس میں بتایا گیا کہ وزارت تعلیم نے تعلیمی سرگرمیوں کے حوالے سے کرونا کے خطرے کے پیش نظر پاکستان ٹیلی ویژن کے ذریعے سات گھنٹوں کی تعلیمی نشریات کا اہتمام کیا ہے تاکہ طلبا اپنے گھروں پر رہتے ہوئے تعلیمی چینل کے ذریعے اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں اور ان کی تعلیم میں کسی قسم کا کوئی حرج نہ ہو۔ جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک بھر میں یکساں نصاب تعلیم رائج کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وزیر تعلیم شفقت محمود، سیکرٹری ایجوکیشن، و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا نصاب کی تشکیل کے حوالے سے کیمبرج، آغا خان اور لمز جیسے اداروں سے معاونت حاصل کی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی نصاب تعلیم کا مقصد جہاں نئی نسل کو جدید دور کے تقاضوں اور چیلنجز کے لئے تیارکرنا ہے وہاں ان میں معاشرتی اقدار کو اجاگر کرنا ہے تاکہ بحیثیت قوم ہمارا تشخص اجاگر ہو۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یکساں قومی نصاب کو پورے ملک میں رائج کرنے کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
پانچویں تک یکساں نصاب تیار، چھٹی تا آٹھویں کا مارچ 2022ء تک رائج ہوگا
Mar 20, 2020