اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پاکستان میں کورونا سے دو ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ کرونا کے ٹیسٹ کے مہنگے ہونے کی عوامی شکایات کا نوٹس لیا جائے،وفاق، صوبے، ضلع اور تحصیل کی سطح پر عوام کو ٹیسٹ اور علاج کی رہنمائی کیلئے اشتہارات چلائے جائیں۔ جمعرات کو اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہاکہ متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں،اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ انہوںنے کہاکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد میں میں مسلسل اضافے اور عوامی شکایات کی صورتحال پر سخت تشویش ہے۔ انہوںنے کہاکہ کرونا کے ٹیسٹ کے مہنگے ہونے کی عوامی شکایات کا نوٹس لیا جائے۔ وفاق، صوبے، ضلع اور تحصیل کی سطح پر عوام کو ٹیسٹ اور علاج کی رہنمائی کیلئے اشتہارات چلائے جائیں۔انہوںنے کہاکہ ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کی حفاظت کے لیے حفاظتی لباس اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ حکومت میڈیا کو چھوڑ کر زمین پر عملی اقدامات پر توجہ مرکوز کرے۔
کرونا سے 2 ہلاکتوں پر افسوس، ٹیسٹ مہنگے ہونے کی شکایات کا نوٹس لیا جائے: شہباز شریف
Mar 20, 2020