اسلا م آباد+ لاہور+ کراچی+و وہان+ واشنگٹن+تہران( نیوز رپورٹر+ خصوصی نمائندہ+ خصوصی نامہ نگار+خبر نگار+کامرس رپورٹر+نمائندہ خصوصی+وقائع نگار + شِنہوا+ نوائے وقت نیوز ) پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 152 کیسز سامنے آ گئے ہیں جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 456 ہو گئی ہے۔ صوبہ سندھ میںگزشتہ روز مزید 37، پنجاب میں 45، بلوچستان میں 58، خیبر پختونخوا میں 4 اور گلگت میں 8 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔کورونا وائرس پاکستان سمیت دنیا کے 170 سے زائد ملکوں تک چکا ہے اور اب تک 9 ہزار سے زائد لوگ اس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے دو افراد جاں بحق ہوچکے ہیں تعلق خیبر پختونخوا سے تھا۔ اب تک سکھر میں 151، کراچی میں 93 اور حیدرآباد میں کورونا وائرس کا ایک کیس ہے۔ صوبے میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔سندھ میں آج سے سرکاری دفاتر بند رکھنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔بلوچستان میں کورونا وائرس کے آج مزید 58 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 81 ہو گئی ہے۔ پنجاب کی وزیرصحت یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 78 ہو گئی ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے بتایا کہ 384 نمونوں کیٹیسٹ کیے جن میں سے 320 نتائج منفی آئے جب کہ 78 افراد کے کیسز مثبت رپورٹ ہوئے۔ خیبرپختون خوا میں آج مزید 4 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔لاہور میں ڈے کئیر سنٹر بند عملے کو چھٹیوں پر بھیج دیا گیا۔ پشاور میں کینال روڈ کی ایک گلی کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا ہے جب کہ مردان میں بھی یونین کونسل منگاہ کو لاک ڈاؤن کر کے داخلی و خارجی راستے پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں آج مزید 8 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 21ہوگئی ہے۔آٹھوں نئے مریض بھی تفتان کے راستے 16 مارچ کوگلگت بلتستان پہنچے تھے، کورونا کے 8 میں سے 4 مریض ضلع گلگت اور 4 مریض ضلع نگر کے رہائشی ہیں۔ اسلام آباد میں 4 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا کے کیسز کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔بلوچستان حکومت نے کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر کوئٹہ کے تمام بڑے شاپنگ مالز ،ریسٹورینٹس اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔صوبائی حکومت نے ایک ارب روپے سے کورونا فنڈ قائم کردیا جب کہ وزرا، اراکین اسمبلی اور ملازمین اپنی تنخواہیں عطیہ کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر میر پور آزاد کشمیر کے مطابق میر پور آئسولیشن وارڈ میں ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک میں بڑے ہوٹلز کو قرنطینہ سینٹرز میں تبدیل کرنے کیلیے صوبوں کے چیف سیکریٹریوں کو خط لکھ دیا۔این ڈی ایم اے کی جانب سے آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو 16 مارچ کو خط لکھا گیا جس میں کہا گیا ہیکہ کورونا وائرس کو مزید پھیلاو سے روکنے کے اقدامات کے پیش نظر ملک میں تھری اور فور اسٹار ہوٹلز کو خالی کروا کر قرنطینہ مراکز میں تبدیل کیا جائے، کورونا وائرس کے ایک مشتبہ شخص کیلیے ایک کمرہ کی پالیسی اپنائی جائے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اٹلی میں تقریباً ایک لاکھ 50 پاکستانی موجود ہیں 1500 سے 2000 پاکستانی طلباء زیر تعلیم ہیں۔ اٹلی میں کرونا وائرس سے ایک پاکستانی کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ جاں بحق پاکستانی کا نام امتیاز احمد ہے۔ پاکستان اور چین مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6)کے تحت صوبہ بھر میں گھروں اور پرائیویٹ جگہوں پر ہر قسم کی تقریبات، فنکشنز اور سماجی اجتماعات پر فوری طور پر پابندی عائد کردی ہے۔ مزید برآں ہر قسم کے جم اور سنوکر کلبز چلانے پر بھی پابندی ہوگی- یہ حکم 4اپریل 2020ء تا وقتیکہ اس میں ترمیم کی جائے تک نافذالعمل ہوگا- اس ضمن میں حکومت پنجاب نے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے- محکمہ خزانہ کی جانب سے کرونا وائرس کی تباہ کاریوں کی روک تھام کے لیے محکمہ صحت اور پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹ کو7.55ارب روپے کا پیکج جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کو 7.17ارب روپے جبکہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو 450ملین روپے جاری کیے جا رہے ہیں۔ حکومت پنجاب کرونا وائرس پر کنٹرول کے لیے متعلقہ محکموں کو فنڈز کی فراہمی اور احتیاطی تدابیرکی تشہیر تک تمام اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔ کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے پاکستان نے واہگہ بارڈر کو دو ہفتوں کے لئے بند کر دیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے گزشتہ روز جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق واہگہ بارڈر کی بندش پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں اس بات کی تصدیق کر دی گئی ہے کہ واہگہ بارڈر کو دو ہفتوں کیلئے سیل کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکشن میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر 14 دنوں کیلئے بارڈر کو بند کیا جائے گا۔ کرونا وائرس کے مریضوں میں تیزی سے ہونے والے اضافہ کو مد نظر رکھتے ہوئے پمز ہسپتال انتظامیہ نے نیو ایمرجنسی کو کرونا وائرس کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مخصوص کردیا نیو ایمرجنسی میں آنے والے کرونا وائرس کے مریضوں کا ابتدائی معائنہ اور سکریننگ کی جائے گی۔ پمز انتظامیہ نے نیو ایمرجنسی میں ابتدائی معائنہ اور سکریننگ کرنے کیلئے 17ڈاکٹرز جبکہ ان کے ساتھ نرسز سٹاف، پیرا میڈیکل سٹاف اور ایک ایمبولینس فراہم کردی ہے جب کہ عملہ کو این 95ماسک، گلوز، حفاظتی ماسک، سینی ٹائزر کی وافر مقدار بھی فراہم کردی ہے۔ عملہ 24گھنٹے کام کرے گا۔ جب کہ ای ڈی پمز ڈاکٹر عنصر مقصود، ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر فرخ کمال نیو ایمرجنسی کی براہ راست مانیٹرنگ کریں گے۔ ابتدائی معائنہ اور سیکریننگ ہونے کے بعد مشتبہ مریضوں کو فوری طور پر نیو ایمرجنسی سے ٹیسٹ یا علاج کے لیے داخل کرنے کیلئے پمز میں قائم کرونا وائرس آئسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا جائے گا۔کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے بڑے ہوٹلوں کو قرنطینہ مراکز میں تبدیل کرنے کی سفارش کر دی۔ این ڈی ایم اے نے آزاد کشمیر سمیت تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو کورونا وائرس سے متعلق کیے جانے والے اقدام سے متعلق خط لکھ دیا۔ خط کے متن میں سفارش کی گئی ہے کہ ملک بھر کے تھری اور فور سٹار ہوٹلز کو قرنطینہ مراکز میں تبدیل کیا جائے۔ ایک مشتبہ شخص کے لیے ایک کمرے کی پالیسی اپنائی جائے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستانی سفارتی مشنز سے مدد مانگ لی۔ وزارت خارجہ کو خط کے ذریعے پاکستان کو درکار سازو سامان کی فہرست بھی بھجوا دی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سفارتی مشنز، پاکستانی کمیونٹی، ڈونرز، مخیر حضرات اور ادروں سے مدد حاصل کریں، کورونا سے نمٹنے کیلئے 2 کروڑ سرجیکل ماسک، 20 لاکھ ہینڈ سینی ٹائزرز، 1 ایک لاکھ تھرمل گنز، اڑھائی لاکھ این 95 ماسک کی ضرورت ہے، 10 ہزار وینٹی لیٹرز، 1 لاکھ پی سی آرلیب کٹس، 50 لاکھ بائیو ہیزرڈ بیگز بھی درکار ہیں۔ تین لاکھ 85 ہزار ڈسپوزایبل شو کورز، 3 لاکھ 89 ہزار ہیڈکور کز کی بھی ضرورت ہے، 500 موبائل ایکسرے مشینز، 22 ہزار چشموں کا بندوبست کیا جائے۔ اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 3ہے جبکہ 5 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ پنجاب حکومت کے احکامات کے مطابق پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہور نے شہریوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے شہر میں واقع تمام پارکوں اور دفاتر کو بند کردیا ہے۔پارکوں اور دفاتر کو کورونا وائرس کے پیش نظر شہریوں کی صحت اور کورونا وائرئس سے حفاظت کیلئے بند کیا گیا ہے۔ مشیر صحت پنجاب محمد حنیف پتافی نے کہا ہے کہ پنجاب میں ڈی جی خان سمیت ملتان، بہاولپور اور لاہور میں چار قرنطینہ سنٹر بنائے گئے ہیں اور ایران سے آنے والے زائرین کو ان سنٹرز پر رکھا جا رہاہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غازی یونیورسٹی کیمپس کے چار بلاکس میں آٹھ سو زائرین کو رکھا گیا ہے جبکہ نوے سے زائد زائرین کے ٹیسٹ کروائے گئے ہیں جن میں سے بیس افراد میں کورنا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور متاثرہ افراد کو ترکی ہسپتال مظفرگڑھ میں آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔ بلوچستان حکومت نے کرونا وائرس کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا۔ صوبے میں پبلک ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی اس حوالے سے اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے 22 مارچ سے پاکستان ریلوے کی 12مسافر ٹرینیں بندکردی جائیں گی۔ جمعرات کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سند ھ حکومت کے مشورہ پرمسافر ٹرینیں بند کی جا رہی ہیں، اگر ضرورت پڑی تو یکم اپریل سے 20مزید مسافر ٹرینیں بھی بند کر دی جائیں گی ۔ مسافروں کی 100فیصد ادائیگی ریٹرن کریں گے۔ علاوہ ازیں نیوزی لینڈ نے تمام غیر ملکیوں کے لئے اپنی سرحدیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ ان تازہ ضوابط میں تاہم نیوزی لینڈ کے شہریوں کے علاوہ مستقل رہائشیوں کو استثناء حاصل کر رہے گا۔ بھارتی وزیراعظم مودی نے کرونا وائرس کے خلاف ملک گیر ایک روزہ کرفیو کا اعلان کر دیا۔ نریندر مودی کا کہنا ہے کہ کرفیو 22 مارچ کی صبح سات سے رات 9 بجے تک ہوگا تمام بھارتی اتوار 22 مارچ صبح سات سے رات 9 بجے تک گھروں میں رہیں۔ بھارتی وزیراعظم نے ایک دن گھروں میں رہنے کی تجویز کو عوامی کرفیو کا نام دیا ہے۔ مودی کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری خریداری نہ کریں ملک میں ضروری اشیاء کا ذخیرہ ہے۔ بھارتی حکومت نے کرونا وائرس کے باعث غیر ملکی پروازوں پر پابندی عائد کر دی۔ عرب میڈیا کے مطابق غیر ملکی پروازوں پر پابندی کا اطلاق 22 مارچ سے ایک ہفتے کیلئے ہوگا ۔ اٹلی میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد چین سے تجاوز کر گئی۔ اٹلی میں کرونا وائرس سے بیمار مزید 427 افراد ہلاک ہور گئے جس کے بعد اٹلی میں کرونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 3405 ہو گئی چین میں کرونا وائرس سے 3245 ہلاکتیں سامنے آئی تھیں۔ یورپ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ یو این چیف کے مطابق کرونا وائرس کی روک تھام نہ کی گئی تو یورپ میں لاکھوں افراد ہلاک ہو سکتے ہیں۔ امریکہ میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد دس ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 150 سے تجاوز کر چکی ہے۔ مدینہ منورہ میں کرونا وائرس کے باعث مسجد نبویؐ کی پارکنگ بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پارکنگ لسٹ میں تمام افراد کا داخلہ بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد عبدالعالی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 238 ہو گئی۔ کرونا وائرس کے مزید دو مریض صحت یاب ہونے کے بعد تعداد آٹھ ہو گئی۔ کرونا وائرس کے شبے میں 14ہزار سے زائد افراد کے ٹیسٹ کئے ہیں۔نکارا گوا،موریشس اورایل سیلواڈور میں بھی کرونا کے پہلے مریضوں کی تصدیق اورروس میں کرونا سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے، یورپی یونین کے بریگزیکٹ مذاکرات کار بارنیئر کا کرونا ٹیسٹ مثبت جبکہ امر یکی کانگریس رکن میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ، آسٹریلیا نے غیرملکیوں کے ملک میں داخلے پر پابندی ،امریکہ نے کینیڈا کے ساتھ اپنی سرحد عارضی طو رپر بند کردی ایران میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 1284ہوگئی، ووہان میں نوول کرونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔ہسپانوی وزارت صحت ، کنزیومر افئیر اور سماجی خدمات کے مطابق سپین میں بدھ تک کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد13ہزار 716 اور اموات کی تعداد 558 تک پہنچ گئی ہیں۔ فرانس میں حکام کے مطابق جہاں پر منگل سے جاری لاک ڈان دوسرے ہفتے میں داخل ہوچکا ہے یہاں بدھ تک 9ہزار 134 کیسز اور 264 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ایران جو کہ مشرق وسطی میں سب سے شدید متاثرہ ملک ہے کرونا وائرس سے بدھ کے روز تک مرنے والوں کی تعداد1ہزار135 تک بڑھ گئی ہے۔جبکہ ایرانی وزارت صحت اور طبی تعلیم نے کہا ہے کہ کیسز کی مجموعی تعداد 17ہزار 361 سے بڑھ گئی ہیں۔ جمہوریا کوریا نے بدھ کو مقامی وقت کے مطابق نصف شب کو کرونا وائرس کے پچھلے چوبیس گھنٹوں کی نسبت مزید 93 کیسز رپورٹ کئے ہیں جن سے مجموعی تعداد بڑھ کر 8ہزار 413 ہوگئی ہے۔ موریشس کے وزیراعظم پروند جگنوتھ نے ایک ہنگامی پریس بریفنگ کے دوران کرونا وائرس کے پہلے 3 کیسز کی تصدیق کر دی ہے۔ ادھر نکاراگوا کی نائب صدر روساریوموریلو نے کرونا وائرس کے پہلے مصدقہ مریض کی تصدیق کر دی ہے۔ دریں اثنا ایل سیلواڈور کے صدر نایب بوکلے نے کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے۔ایوان نمائند گا ن میں ریپبلکن رکن ماریو ڈیاز بالارٹ نے کرونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ وہ امریکی کانگریس کے پہلے رکن ہیں جن میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ووہان میں نوول کرونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا ،وبائی مرض کے اس مرکز شہر میں مائیکروسکوپ سے نظر آنے والے اس دشمن کے خلاف مہینوں کی جنگ کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔صوبہ ہوبے کے صحت کمیشن نے کہا ہے کہ صوبہ میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 8 ہوگئی تاہم شہر ووہان اور صوبہ ہوبے میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 50ہزار 5 اور 67ہزار 800 پر برقرار رہی ہے۔امریکہ کینیڈا کے ساتھ اپنی سرحد غیر ضروری ٹریفک کے لئے عارضی طو رپر بند کرے گا اور یہ فیصلہ باہمی اتفاق رائے کے بعد کیا گیا ہے۔پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگارکے مطابق کرونا کی علامات والے مریض کی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈی بھٹیاں آمد۔نواحی گائوں کا رہائشی اشرف ٹی ایچ کیو ڈاکٹروں کے مطابق اشرف میں کرونا کی علامات موجود ہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر میں آئسولیشن سنٹر نہ ہونے کی وجہ سے مریض کو ڈی ایچ کیو حافظ آباد ریفر کر دیا گیا مشکوک مریض چار روز قبل دبئی سے پاکستان پہنچا ہے ۔دوبئی سے آنے والے بائیس سالہ نوجوان عرفان کو کورونا کے شبہ میں ٹی ایچ کیو ہسپتال لایا گیا ہسپتال میں حفاظتی سنٹر نہ ہونے کے باعث اس کو ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد بجھوادیاگیا جہاں اس کے ٹیسٹ کے بعد ہی پتہ چل سکے گا یہ کورونا سے دوچار ہے یا نہیںساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق کورونا وائرس کے 2مشتبہ مریض ڈی ایچ کیو ہسپتال داخل ‘ ٹیسٹ لیکر لیبارٹری کوبھجوادیئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ کیوہسپتال کے آئیسو لیشن وارڈ میں 25سالہ نوجوان (ا) اور 45سالہ (ف) نامی خاتون مشتبہ مریض کوداخل کیاگیا ہے اورہسپتال انتظامیہ نے دونوں کے ٹیسٹ لیکرلیبارٹری بھجوادیئے ہیں۔
کرونا: پاکستان میں 456 کیس، واہگہ بارڈر، سندھ ، پنجاب ٹرانسپورٹ بند، 12 ٹرینیں معطل
Mar 20, 2020