اسلام آباد (جاوید صدیق) طبی تحقیق کے معروف برطانوی جریدے دی نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق کرونا وائرس ایک دن زندہ رہنے کے بعد ختم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ تحقیق کے مطابق کرونا وائرس پلاسٹک یا دھات کی بنی ہوئی چیزوں پر موجود رہتا ہے۔ یہ ان اشیاء کی سطح پر ہوتا ہے جہاں سے وہ چھونے والے کو متاثر کرتا ہے۔ کرونا وائرس ان قطروں میں بھی موجود ہوتا ہے جنھیں AEROSOLS کہتے ہیں جس کے بعد یہ کسی پلاسٹک یا دھات کی سطح پر گرتا ہے ، وہاں وہ کئی گھنٹے زندہ رہ سکتا ہے۔ برطانوی جریدے کی تحقیق کے مطابق کرونا وائرس ہوا کے ذریعے بھی پھیلتا ہے۔ اس کے برعکس عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ یہ تھی کہ وائرس ہوا کے ذریعے نہیں پھیلتا۔ کسی بھی سطح پر یہ وائرس دو گھنٹے تک زندہ رہ سکتا ہے جس کے بعد اس کا خاتمہ شروع ہوتا ہے۔ دریں اثناء امریکہ میں یہ تحقیق بھی سامنے آ گئی ہے کہ کرونا وائرس 20 سال سے 30 سال کی عمر تک کے نوجوانوں کو بھی متاثر کرتا ہے اور بزرگوں کو بھی لیکن بزرگوں میں قوت مدافعت کم ہونے کی وجہ سے انکی زندگی کو زیادہ خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
کرونا وائرس ہوا کے ذریعے بھی پھیلتا ہے،کسی بھی سطح پردوگھنٹے زندہ رہ سکتا ہے،برطانوی جریدہ
Mar 20, 2020