یمن کی سیکیورٹی فورسز نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کو بھیجی جانے والی بھنگ، چرس اور دیگر منشیات کی بڑی مقدار قبضے میں لے کر اسمگلنگ کی اس گھناﺅنی وارداد کو ناکام بنا دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ذرائع نے بتایاکہ حوثی ملیشیا کے زیرکنٹرول علاقوں کو 200 کلو گرام حشیش اسمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ تاہم حشیش قبضے میں لے کرحکام نے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔یمن کی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ شمال مشرقی گورنری'مآرب' میں سیکیورٹی فورسز نے انسداد منشیات فورس کے ساتھ ایک مشترکہ آپریشن میں 200 کلو گرام بھنگ اور چرس قبضے میں لے لی۔ یہ بھنگ حوثیوں کے زیرانتظام علاقوں کو ارسال کی جا رہی تھی۔پولیس کا کہنا تھا کہ مذکورہ منشیات صنعاءاور مارب کو ملانے والی شاہراہ پر ایک چیک پوسٹ پر پکڑی گئی۔ یہ منشیات انتہائی مہارت کے ساتھ آلو کی بوریوں اور سبزی کے کاٹنوں میں چھپائی گئی تھی۔مآرب پولیس کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر جنرل یحییٰ حمید نے گورنری کے داخلی راستوں پر سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر ہائی سیکیورٹی الرٹ اور پولیس کی بروقت کارروائیوں کی تعریف کی۔ ان کاکہنا تھا کہ حوثی ملیشیا جہاں ایک طرف ملک میں بغاوت کو فروغ دے رہی ہے تو وہیں دوسری طرف منشیات کی اسمگلنگ جیسے مکروہ دھندے میں بھی ملوث ہے۔