لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) کرکٹ ویسٹ انڈیز نے انگلش کرکٹ بورڈ کو ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کی پیشکش کردی ہے جس کے تحت ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز انگلینڈ کے بجائے ویسٹ انڈیز میں کھیلی جا سکتی ہے جبکہ انگلش ٹیم کی پاکستان کیخلاف سیریز کا بھی کیریبین سرزمین پر منتقلی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم کو رواں برس 4 جون سے اوول میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز کرنا ہے لیکن کرونا وائرس کے برطانیہ میں پھیلاؤ کے باعث ممکن نہیں کہ اس سیریز کا بروقت انعقاد ممکن ہو سکے کیونکہ امکان ہے کہ انگلش سیزن کے آغاز میں بھی تاخیر ہو جائے گی لہٰذا یہ سیریز ستمبر تک موخر کردی جائے گی ورنہ اسے ویسٹ انڈیز منتقل کرنا پڑے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی بی اور کرکٹ ویسٹ انڈیز کے درمیان حالیہ عرصے میں اس بابت کئی بار گفت و شنید ہوئی جس میں دونوں آپشنز زیر غور آئے جبکہ ویسٹ انڈین حکام نے 30 جولائی سے انگلینڈ میں شروع ہونیوالی پاکستان کیخلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی میزبانی میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ کرونا وائرس کے اثرات ویسٹ انڈیز میں بھی موجود ہیں لیکن ان کا پھیلاؤ انگلینڈ جیسا نہیں کیونکہ بارباڈوس،سینٹ لوسیا اور انٹیگا میں مجموعی طور پر پانچ افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔کرکٹ ویسٹ انڈیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جانی گریو کے مطابق ان کی ای سی بی حکام سے متعدد بار گفتگو ہوئی ہے جس میں انہوں نے سیریز کے کامیابی کے ساتھ انعقاد کی بھرپور یقین دہانی کرائی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ سیریز انگلینڈ میں ہی ہو ‘اگر انگلینڈ کرکٹ نہیں کراسکتا تو اس کا مطلب ہے کہ دنیامیں کہیں بھی کرکٹ نہیں ہوسکتی ۔ ویسٹ انڈیز میں سیریز کا انعقاد حقیقت پسندانہ نہیں ۔ جیسے بھی ممکن ہوسکا سیریز انگلینڈمیں ہی کرانے کی کوشش کرینگے ۔
پاکستان، انگلینڈ ٹیسٹ سیریز ویسٹ انڈیز میں کھیلنے پر غور
Mar 20, 2020